جموں و کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ

یو این آئی

سرینگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے برف باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم درج ہوا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم دوپہر کے بعد کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 26 اپریل سے 29 اپریل تک رک رک کر بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے.ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی میں کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 26 اپریل سے 30 اپریل تک دوا پاشی وغیرہ کرنے کے کام معطل رکھیں۔
دریں اثنا خشک موسم کے بیچ وادی کا شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔