سڑک حادثات میں4لقمہ اجل | سوپور کے لاپتہ شہری کی لاش جہلم سے برآمد

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر// وادی اورراجوری میں الگ الگ حادثوں میں سیاح خاتون سمیت چار افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 7زخمی ہوگئے۔اس دوران مائسمہ سے لاپتہ ہوئے سوپور کے شہری کی لاش چھتہ بل میں دریائے جہلم سے نوروزبعدبرآمد ہوئی۔ سرینگر میں اتوار کو پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موت واقع ہو گئی جبکہ ایک سوار زخمی ہوگیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثہ گوہر چوک شالہ ٹینگ کے قریب ڈی 27 مقام پر اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ حادثے میں موٹر سائیکل سوار اور اس کا ساتھی زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر نورا ہسپتال لے جایا گیا، جہاں زخمی موٹر سائیکل سوار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ تاہم دوسرے زخمی کا علاج جاری ہے۔ متوفی کی شناخت 25 سالہ مہدی کے طور پر ہوئی ہے زخمی کی شناخت الطاف نذیر خان ولد نذیر احمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔دریں اثناء راجوری ضلع کے علاقوں میں پیش آئے دو سڑک حادثات میں2نوجوان ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے اور انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق اتوار کو علی الصبح ایک ایکو گاڑی جس کا رجسٹریشن نمبر JK11E 3029 جموں سے راجوری جا رہا تھا جب جموں راجوری شاہراہ پر نوشہرہ میں تھلکا کے قریب پہنچا تو گاڑی کے ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور گاڑی پھسل کر بے قابو ہو گئی اور گہری کھائی میں جاگری۔حادثے میں ڈرائیور نامی زبیر احمد ولد محمد اکرم ساکنہ کوٹ دھارا راجوری کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا شخص وجاہت حسین شاہ ولد فرزان حسین شاہ زخمی ہو گیا جسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔دوسرا حادثہ اس وقت پیش آیا جب ضلع راجوری کے کوٹرنکہ خواص سڑک کے کلیاں موڈپر رات ایک بجے کے قریب ٹیمپو زیر نمبر JK11A ۔1941حادثہ کا شکار ہو گیا جس میں محمد یعقوب ولد محمد خان ساکنہ کنڈی، شکیل احمد ولد مقبول حسین ساکنہ مندرگالہ،لعل دین ولد محمد شفیع ساکنہ دراج ،محمد سکندر ولد محمد خالق ساکنہ گنڈ پورہ شوپیاں زخمی ہوے جبکہ محمد شکور ولد محمد بشیرساکنہ سموٹ پھلنی کی موت موقع پر ہوگیئی۔ مقامی لوگوں نے پولیس و محکمہ صحت کے ملازمین کے ساتھ ملکر زخمیوں کوکمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی کوٹرنکہ پہنچایا جہاں ابتدائی علاج کے بعد بہتر علاج کے لیے انہیںجی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا۔پولیس تھانہ کنڈی میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ ادھر سیاحتی مقام دودھ پتھری میں اتوار سہ پہر کو ایک خاتون سیاح حادثے میں ہلاک ہوئی۔ معلوم ہو اہے کہ چمبور ممبئی کی49برس کی ایک خاتون سیاح کرن جیت کور کوچک اہلیہ رمنیک سنگھ کوچک حادثے کا شکار ہوگئی ،جس کے بعد اسے سب ضلع ہسپتال خان صاحب پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر وہ چل بسی۔