حالیہ بارشوں اور برف باری کاشاخسانہ | 33کے وی ترسیلی لائن کو نقصان مژھل کا وسیع علاقہ ہفتے سے گُھپ اندھیرے میں

اشرف چراغ

کپوارہ// کپوارہ میں حالیہ بارشو ں اور برف باری کی وجہ سے کلاروس سے مژھل کو جانے والی 33کے وی ترسیلی لائن بری طرح نقصان سے دوچار ہوئی ہے، جس کی وجہ سے مژھل علاقہ گزشتہ8روز سے گھپ اندھیرے میں ہے اور مقامی لوگو ں نے محکمہ بجلی کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا ۔مژھل کے مقامی لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پورا علاقہ گزشتہ8روز سے اندھیرے میں ہے لیکن یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ہم مشکلات سے دو چار ہیں لیکن علاقہ میں جب بھی برف باری ہوتی ہے تو پورے علاقہ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ جاتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے بتایا کہ حالیہ برف باری اور بارشو ں کی وجہ سے 33کے وی ترسیلی لائن کو نقصان پہنچ چکا ہے لیکن موسم میں بہتری آنے 8روزبعد بھی محکمہ بجلی مژھل کو برقی رو بحال کرنے میں ناکام ہو چکا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے جہا ں عام لو گو ں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں یہا ں کے طلبہ کو سب سے زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں روایتی طور موم بتیاں استعمال کرنی پڑتی ہیں تاکہ ان کے گھر روشن ہو سکے ۔مقامی لوگو ں نے بتایا کہ انہو ں نے گزشتہ دو روز سے متعد د بار متعلقہ محکمہ کے حکام سے بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا لیکن ابھی تک وہ بجلی بحال کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔مقامی لوگو ں نے بتایا کہ مژھل ایک سرحدی علاقہ میں اس علاقہ میں بجلی عملے کی تعداد معقول ہونی چایئے تاکہ علاقہ کو بجلی بحال کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگ جائے گا لیکن علاقہ میں بجلی ملازمین کی کمی کی وجہ سے بجلی بحال کرنے میں وقت لگ جاتاہے جس کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس علاقہ میں ملازمین کی تعداد کو بڑھایا جائے تاکہ برف باری اور بارشو ں سے نقصان ذدہ ترسیلی لائن کی مرمت میں تا خیر نہ ہو ۔اس حوالہ سے اسسٹنٹ ایگز کیٹو انجینئر محکمہ بجلی ریاض احمد نے بتایا کہ برف باری کی وجہ سے ترسیلی لائن بری طرح متا ثر ہوئی ہے لیکن اس کے باجود بھی مژھل کو برقی رو بحال کرنے کا کام ہنگامی بنیادو ں پر جاری ہے اور اگر موسم ساز گار رہا تو چند ایک دو روزمیں مژھل علاقہ کو بجلی سپلائی بحال کی جائے گی ۔انہو ں نے کہا کہ ہمارے ذمہ مژھل میں ہے اور یہاں ہم نے بجلی بحال کرنے کام 80فی صدی کام مکمل کیا لیکن 33KVترسیلی لائن کو مرمت کا کام جاری ہے ۔

کولگام میں بجلی بحران | مناسب برقی رو فراہم کرنے کا مطالبہ

عظمیٰ نیوزسروس

کولگام// ضلع کولگام میں بجلی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہیں۔ کولگام میں بجلی کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، ڈی ڈی سی ممبر محمد عباس راتھر نے کہا کہ کولگام ضلع میں بجلی کے مسائل بدستور جاری ہیں۔سال کے اس موسم میں بھی وادی کشمیر کے لوگوں کو بجلی کے بحران کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو لوگوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زمینی سطح پر بجلی کے کسی شیڈول پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے اور یہاں تک کہ میٹر والے علاقوں کو بھی طویل اور غیر طے شدہ بجلی کی کٹوتی کا سامنا ہے۔ ضلع کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ بجلی سے محروم ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ لوگ بجلی کے بدترین بحران کا سامنا کرنے کی وجہ سے روشنی کے متبادل ذرائع کا بندوبست کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں لوگوں کو کم وولٹیج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔