ہندوستان میں گھریلو مانگ مضبوط ملک تیزی سے معاشی ترقی کرے گا:آئی ایم ایف

 عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی //دنیا کی سب سے باوقار مالیاتی تنظیم بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے2024 کیلئے ہندوستان کی جی ڈی پی ترقی کی پیشین گوئی کو6.8 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں گھریلو مانگ مضبوط ہے۔ اس کے علاوہ نوجوان آبادی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جو کام کرے گا اور جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ کرے گا۔ اس سے پہلے جنوری میں آئی ایم ایف نے ہندوستان کی اقتصادی ترقی 6.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ہندوستان6.8فیصد کی ترقی کے ساتھ دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت رہے گی۔ ساتھ ہی اس عرصے کے دوران چین کی معیشت4.6 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔ آئی ایم ایف نے اپنے ورلڈ اکنامک آئوٹ لک کے تازہ ترین ایڈیشن میں کہاکہ’ہندوستان کی ترقی2024 میں 6.8 فیصد اور2025 میں 6.5 فیصد رہے گی۔ یہاں گھریلو مانگ مسلسل مضبوط ہے۔ اس کے علاوہ کام کرنے کی عمر کے افرا دکی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ چین کی معیشت کی رفتار کم ہورہی ہے۔ آئی ایم ایف کا ماننا ہے کہ چین ابھی تک کورونا کے جھٹکے سے پوری طرح نہیں نکلا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے پراپرٹی سیکٹر میں بھی سست روی ہے۔ آئی ایم ایف کے چیف اکنامسٹ پیٔر اولیور گورنچاس کا کہنا ہے کہ پالیسی سازوں کو ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جن سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہو اور معاشی ترقی کے امکانات بھی بہتر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مایوس کن اندازوں کے باوجود عالمی معیشت مستحکم ہے۔ فی الحال کسی بڑے بحران کا کوئی امکان نہیں۔