مشروم کی کاشت کا فروغ ڈائریکٹر زراعت نے ٹریننگ سینٹر کا معائنہ کیا

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے ضلع سرینگر میں مشروم کی کاشت کیلئے ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے سنٹر کے مختلف بلاکوں کا معائنہ کیا جہاں انہیں متعلقہ تکنیکی ماہرین نے جانکاری دی۔مظاہرے کے ساتھ تربیتی مرکز برائے مشروم کی کاشت کے افسران و اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے مشروم کی کاشت جیسی چھوٹی صنعتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے کاشتکار اور نوجوان زرعی کاروباری افرادمشروم کی کاشت تجارتی خطوط پر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پہلے ہی مشروم کی کاشت کے فروغ کیلئے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت کثیر جہتی ماڈل پر کام کر رہا ہے۔دورے کے دوران ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ مذکورہ سکیم میں محکمہ کی طرف سے مختلف مداخلتوں کا مقصد کسانوں کو مشروم کی پیداوار میں جدید تکنیک فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ مشروم کے کاشتکاروں کیلئے سال بھر کے تربیتی سیشن منعقد کریں تاکہ اسکیم میں مزید جان ڈالی جاسکے۔اس موقع پر جوائنٹ ڈائریکٹر مشروم سرتاج احمد شاہ اور ڈی سی ٹی سی کے افسران موجود تھے۔