ٹاٹا موٹرس اور ساؤتھ انڈین بینک کے مابین مفاہمت نامے پر دستخط

 یو این آئی

حیدرآباد// ہندوستان کی تجارتی گاڑیاں بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ٹاٹا موٹرس نے تجارتی گاڑیوں کے صارفین اور ڈیلرشپ کیلئے آسان مالیاتی حل پیش کرنے کے واسطے کیرالہ میں واقع نجی شعبے کے مالیاتی ادارے ساؤتھ انڈین بینک کے ساتھ مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔بینک کی طرف سے تجارتی گاڑیوں کے پورے پورٹ فولیو میں فائنانسنگ کی پیشکش کی جائے گی، اور صارفین بینک کے وسیع نیٹ ورک اور خصوصی طور پر تیار کردہ آسان ادائیگی کے منصوبوں سے مستفید ہوں گے۔ٹاٹا موٹرس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ ڈیلرشپ کو بہتر تعاون فراہم کرنے، ترقی کو فروغ دینے، ضمانت کے لوازمات کو کم کرنے، شرح سود کو کم کرنے اور کریڈٹ پروسیسنگ کو ہموار کرنے کی سمت میں اہم پیش رفت کا ضامن ہے۔ساؤتھ انڈین بینک کے ایم ڈی اور سی ای او پی آر شیشادری نے ترقی پر بات کرتے ہوئے کہا ’’ٹاٹا موٹرس کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہمیں کمرشیل گاڑیوں کے ڈیلرز اور صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے گاڑیوں کی فنانسنگ کا حل فراہم کرنے پر قادر بناتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ بہترین درجے کے فائنانسنگ حل، جدت طرازی کیلئے نئے صنعتی معیار قائم کرکے ٹاٹا موٹرس کے ساتھ ہماری شراکت داری کا مثبت نتیجہ نکلے گا‘‘۔ٹاٹا موٹرس کمرشیل وہیکلز کے نائب صدر اور بزنس ہیڈ راجیش کول نے اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا’’ہمارے صارفین کیلئے اپنی کمرشیل گاڑیوں کے مالیاتی حل تک آسان رسائی ان کے آپریشنز کیلئے اہم ترجیحات میں سے ایک ہے۔ شراکت کا مقصد بیڑے کے مالکان اور ڈیلرشپ کو ان کے کاروباری اہداف حاصل کرنے کیلئے بااختیار بنانا ہے، ہم اپنے قابل قدر صارفین اور شراکت داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور مدد فراہم کرنے کے متمنی ہیں‘‘۔