جموں میں 2 منشیات فروش گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// پولیس نے جموں کے بس سٹینڈ سے دو منشیات فروشوں کو لاکھوں مالیت کی ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ آپریشن “سنجیوانی” کے تحت منشیات کی سمگلنگ اور منشیات کے استعمال کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے، جموں پولیس نے بس سٹینڈ سے دو منشیات فروشوں کے قبضے سے 169 گرام ہیروئن برآمد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدھ کی رات پولیس تھانہ بس سٹینڈ کے سٹیشن ہاوس آفیسر انسپکٹر وکاس ڈوگرہ کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے ٹاون ہال روڈ کے قریب ایک ناکے کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 169 گرام ہیروئن برآمد کی۔
گرفتار افراد کی شناخت ماجد چودھری اور محمد وقار کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں ضلع راجوری کے رہنے والے ہیں۔
پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جموں پولیس خطے میں منشیات سمگلنگ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری شدت سے کام کر رہی ہے، اور منشیات کی سپلائی چین کی اصلیت جاننے کے لیے ملزم سے مکمل پوچھ گچھ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں پولیس لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کی ضرورت سے آگاہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔