پونچھ حملہ: وسیع جنگلاتی علاقے میں بڑا آپریشن شروع

عظمیٰ ویب ڈیسک

مینڈھر// پونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فوجی قافلے پر فائرنگ کی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، ہفتے کی سہ پہر پونچھ کے شاستار علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے فوجی قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کی ،جس کے بعد فورسز اہلکاروں نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میںفوج کی گاڑیوں کی نقل حرکت کے دوران پہلے قریب دس منٹ تک فائرنگ کی آوازیں سنیں گئیں جس کے بعد ایک بڑے دھماکے کی آواز آئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اضافی دستوں کو جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا ہے ، فائرنگ کے اس واقعے میں کچھ فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ پولیس اور فوج کے سینئر افسران بھی علاقے میں پہنچ گئے ہیں جو صورتحال پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ فوج نے آس پاس علاقوں میں پہرے بٹھا دئے ہیں اور کسی کو بھی علاقے کی اور جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظارہے۔