پونچھ حملہ: ضلع میں سیکورٹی ہائی الرٹ، جگہ جگہ ناکہ بندی

عشرت حسین بٹ

پونچھ// ضلع پونچھ کے علاقہ سنئی اور شاہستار میں ہفتہ کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوں کے بھارتیہ فضائیہ کی گاڑیوں پر حملے کے بعد پورے ضلع میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ضلع کی طرف ہر آنے جانے والے راستوں پر ناکہ بندی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ شاہستار علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں کم از کم 5 فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں کمانڈ ہسپتال اودھم پور منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارتیہ فضائیہ (آئی اے ایف) نے ایکس پر ایک پوسٹ میں واقع کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے بھارتیہ فضائیہ کی کانوائے پر فائرنگ کی تاہم کانوائے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور علاقے میں بڑے پیمانے پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
آئی اے ایف نے حملے میں کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میںفوج کی گاڑیوں کی نقل حرکت کے دوران پہلے قریب دس منٹ تک فائرنگ کی آوازیں سنیں گئیں جس کے بعد ایک بڑے دھماکے کی آواز آئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اضافی دستوں کو جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا ہے ۔
اس دوران ضلع کے تمام چیک پوائنٹس پر گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے اور ہر آنے جانے والے سے پوچھ تاچھ بھی کی جا رہی ہے۔
شاہستار اور سنئی علاقوں میں بڑا فوجی آپریشن شروع کیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر تلاشی لی جا رہی ہے۔