جموں و کشمیر میں مزید برف و باراں کا امکان، شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ

یو این آئی

سرینگر// وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کی پیش گوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران جنوبی کشمیر، بڈگام، پونچھ، راجوری اور بانہال کے کچھ علاقوں میں بعد دوپہر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں اور ژالہ باری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 26 سے 28 اپریل تک میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 29 اور 30 اپریل کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یکم اپریل سے 3 اپریل تک موسم مجومعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔دریں اثنا وادی میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔