الیکشن کو ریفرنڈم کا نام دینے والے جموں و کشمیر کو غلط راستے پر لے جانا چاہتے ہیں: سید الطاف بخاری

یو این آئی

سرینگر// جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ جو لوگ اس الیکشن کو ریفرنڈم کا نام دیتے ہیں وہ جموں وکشمیر کو ایک بار پھر غلط راستے پر لے جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے راستوں میں جو کانٹے بچھائے گئے ہیں ہم ان کو آنکھوں سے باہر نکالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کو ملک دشمن عناصر کہا جاتا تھا آج وہ بھی آگے آ رہے ہیں اور ان کو بھی انصاف کی امید ہے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں شہر خاص میں ایک انتخابی ریلی کے حاشیئے پر میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا، ‘میں شہر خاص کے غیور عوام کا شکر گذار ہوں جو یہاں آج ہماری بات سننے کے لئے آئے، میں ان سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کو شرمندہ نہیں ہونے دیں گے اور جن مصیبتوں میں آپ کو مبتلا کیا گیا اور جو کانٹے آپ کے راستے میں بچھائے گئے ہیں وہ ہم اپنی انکھوں سے نکالیں گے’۔
ان کا کہنا تھا، ‘جن کو ملک دشمن عناصر کہا جاتا تھا آج ان کو نئے سویرے اور انصاف کی امید ہے’۔
ایک سوال کے جواب میں الطاف بخاری نے کہا کہ الیکشن کے دوران الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ چلتا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا، ‘جموں وکشمیر پولیس ہماری اپنی پولیس ہے اور میں ان کو مشورہ بھی دے سکتا ہوں اور ان کی تنقید بھی کر سکتا ہوں’۔
میر واعظ عمر فاروق کے بیان کہ الیکشن کو ریفرنڈم کا نام نہیں دیا جاسکتا ہے، کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا، ‘میں عمر واعظ کے اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا، ‘جو لوگ اس الیکشن کو ریفرنڈم سے تعبیر کرتے ہیں وہ جموں وکشمیر کو ایک بار پھر الٹے راستے پر لے جانا چاہتے ہیں’۔