جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں ہلکی بوندا باندی، اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھاری بارش متوقع

File Photo

یو این آئی

سرینگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ وادی میں دوران شب کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلمرگ میں 0.2 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مغربی ہوا کی ایک اور لہر وادی میں داخل ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل کی رات تک وادی کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 20 اپریل کو بھی کچھ مقامات پر ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں 26 اور 27 اپریل کو بھی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 17 اپریل اور 21 اپریل کے بعد کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز چلا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی کے کچھ پہاڑی علاقوں میں 19 اپریل کو زمینی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے جبکہ کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران کچھ مقامات پر مٹی کے تودے گر آنے کے بھی امکانات ہیں۔
دریں اثنا وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔