سچی آواز پارلیمنٹ تک پہنچنی چاہیے نئی دہلی اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے:محبوبہ

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ایسے نمائندے کے انتخاب کی اہمیت پر زور دیا جو پارلیمنٹ میں عوام کے مفادات کی وکالت کرے اور نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ 5 اگست، 2019 کے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے۔ اننت ناگ میں ایک عوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوک سبھا کے جاری انتخابات ایک ایسے نمائندے کو منتخب کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو محض بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے مثر طریقے سے لوگوں کے خدشات کو آواز دے سکے۔ محبوبہ نے کہا”جموں و کشمیر کو بجلی کی قلت، یوٹیلیٹی بلوں میں اضافہ، اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ پولیس محض شک کی بنیاد پر نوجوانوں کو حراست میں لے رہی ہے‘‘۔محبوبہ نے مزید کہا”نئی دہلی کو ہمارے حقوق سود کے ساتھ واپس کرنے چاہئیں، جموں و کشمیر کے لوگ غلام بننے سے انکاری ہیں، یہ صرف NC یا PDP کے بارے میں نہیں ہے، یہ پارلیمنٹ میں ایک نمائندہ بھیجنے کے بارے میں ہے جو عوام کی وکالت کرے گا اور ان کی امنگوں کو قوم تک پہنچائے گا۔