جموں و کشمیر کے عوام کو بہت زخم دئےگئے جماعت اسلامی کا کوئی قصور نہیں:الطاف بخاری

 مشتاق الاسلام

پلوامہ //’ اپنی پارٹی‘ کے سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ نئی دہلی نے جموں وکشمیر کے عوام کو بہت زخم دیئے ہیں لیکن مسائل کا حل بھی نئی دہلی ہی کرسکتی ہے۔ گوری پورہ پلوامہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ لوگ روایتی سیاسی جماعتوں سے چھٹکارا حاصل کریں، کیونکہ ان جماعتوں نے لوٹ کھسوٹ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ الطاف بخاری نے جماعت اسلامی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کا کوئی گناہ نہیں بلکہ جماعت اسلامی آسان حدف بن گئی۔ بخاری نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن ہمارے لئے سیاہ دن تھا۔تاہم انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا بھارت سے 1947 میں الحاق حتمی تھا۔پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو نشانہ بناتے ہوئے بخاری نے کہا کہ دونوں جماعتیں دفعہ 370 پر لوگوں کو گمراہ کررہی ہیں۔ بخاری نے یہ بات زور دیکر کہی کہ روایتی سیاسی جماعتوں نے لوگوں کو مصیبتیں پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔جیلوں میں نظر بند نوجوانوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ میرا مشن ہے، میں براہ راست قتل اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کیلئے کچھ نہیں کر سکتا،لیکن دوسروں کیلئے یہ ہمارا حق ہے کیونکہ یہ ظلم کی حد ہے جو وہ جھیل رہے ہیں۔ بخاری نے اشارہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آرٹیکل 370 کو بحال کرنا ناممکن ہے۔ کیا، یہ لوگ جھوٹ کیوں بول رہے ہیں؟ ۔