اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ ۔ 3آزاد امیداروں کیخلاف22 کیس درج

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں و کشمیر کے اننت ناگ-راجوری لوک سبھا حلقہ سے 3آزاد امیدوار ایسے ہیں جن کے خؒاف 22مقدمات درج ہیں لیکن ان میں سے کسی ایک کیس کا بھی چالان عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا ہے۔ عمران شیخ کے خلاف گزشتہ 9برسوںمیں 20 مقدمات درج ہیں۔یہ حلقے کے 20 امیدواروں میں سے کسی کے خلاف مقدمات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔شیخ کی طرف سے اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ داخل کردہ حلف نامہ کے مطابق، یہ مقدمات یونین ٹیریٹری کے پانچ اضلاع کے نو مختلف تھانوں میں درج ہیں۔بیان حلفی کے مطابق شیخ کے خلاف اب تک کسی بھی مقدمے میں عدالت میں فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔شیخ نے دعوی کیا ہے کہ وہ ایک مزدور کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کی آمدنی 12,000 روپے ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے پاس دو گاڑیاں بھی ہیں جن کی مجموعی قیمت 4 لاکھ روپے ہے۔دو اور امیدوار ہیں جن کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں۔ کولگام سے تعلق رکھنے والے سجاد احمد ڈار کے خلاف 2014 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن ابھی تک الزامات عائد نہیں کیے گئے ہیں۔دلیپ کمار پنڈتا کے خلاف 2019 میں آئی پی سی کی دفعہ 353 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔