کولگام تصادم میں 2جیش جنگجو جاں بحق:پولیس

کولگام// جنوبی ضلع کولگام کے آہٹو گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں دو جیش ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کر کے بتایا،”کولگام انکاونٹر میں مزید01 جنگجو مارا گیا ہے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2ہو گئی ہے۔ مارے گئے جنگجووں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت دیگر مجرمانہ مواد برآمد ہوا ہے۔علاقے میں تلاش جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے”۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے آہٹو گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل کی سہ پہر گاوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو جیش ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔