شاہدرہ حملے کے سلسلے میں اب تک 67 افراد سے پوچھ تاچھ: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

راجوری// راجوری ضلع کے شاہدرہ علاقے میں پیر کو ملی ٹینٹوں کے حملے میں سرکاری ملازم کی ہلاکت کے بعد اب تک 67 افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔
ضلع پولیس راجوری کے ترجمان نے بتایا کہ راجوری کے کنڈا شاہدرہ علاقے میں ایک سرکاری ملازم محمد رزاق کی ہلاکت کے سلسلے میں پولیس تھانہ تھنہ منڈی میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت ‘ابو حمزہ’ کے نام سے ہوئی جو ایک غیر ملکی دہشت گرد ہے اور تصویر کے ساتھ اُس کی معلومات پولیس نے پہلے ہی شائع کر دی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد اب تک 67 مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ تمام میڈیا ہاوسز سے گزارش ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی کی تصدیق کے بغیر اس کیس سے متعلق کچھ بھی شائع کرنے سے گریز کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ اس کیس کی تفتیش جاری ہے اور کسی بھی کیس کی تفتیش کے دوران حراست، پوچھ گچھ معمول کا عمل ہے۔