ڈنہ شاہستار حملے کے بعد پونچھ میں سیکورٹی بندوبست مزید سخت

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ ڈنہ شاہستار میں فضائیہ (ائی اے ایف) کے قافلے پر ہوئے حملے کے بعد پونچھ قصبہ اور اس کے قرب و جوار بالخصوص حساس علاقوں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ شہر خاص میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔ اس دوران شہرخاص میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار گاڑیوں اور سکوٹروں کو روک کر ان پر سوار مسافروں کے بیگوں اور دیگر سامان کی تلاشی لے رہے ہیں۔اس دوران پیدل چلنے والے لوگوں پر بھی پوری نظر رکھی جا رہی ہے اور ان سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔بتا دیں کہ شہر خاص پونچھ میں محلہ جرنیلی وارڈ نمبر 17 خالصہ چوک میں دو روز پہلے دو مشکوک افراد کی نقل و حمل دیکھی گئی تھی جس کے بعد علاقہ میں تلاشی مہم شروع کی گئی تھی تاہم اس دوران کسی طرح کی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔