چوگل ہندوارہ میں’ ملنگ‘ نے خاتون کو کلہاڑی سے مار ڈالا

 اشرف چراغ

کپوارہ// شمالی کشمیر کے ہندواڑہ کے چوگل علاقے میں جمعہ کی دوپہر ذہنی طور کمزورایک ’ ملنگ‘نے مبینہ طور پر ایک معمر خاتون کو کلہاڑی سے ہلاک کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولہ، جس کی شناخت عتیقہ بیگم (60) دختر محمد مظفر لون ساکن ماگام ہندوارہ کے بطور ہوئی ، دن کے قریب 12بجے’ ملنگ‘ غلام رسول، جسے ’لسہ بب‘ بھی کہا جاتا ہے، سے ملنے گئی تھی۔لسہ بب کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ اسکا زہنی توازن ٹھیک نہیں ہے اور ’ ملنگ‘ طرز کی زندگی گذارنے کی وجہ سے لوگ اکثر اسکے پاس حاجت روائی کیلئے جاتے ہیں یا اس کے پاس جاکر اسے تنگ بھی کرتے ہیں۔اس نے مبینہ طور پر عتیقہ بیگم کے سر پرکلہاڑی سے کئی وار کئے اور وہ خون میں لت پٹ ہوئی۔ ابتدائی طور پر اسے فوری طبی امداد کیلئے جی ایم سی ہندوارہ لے جایا گیا لیکن بعد میں اسے سکمز صورہ ریفر کر دیا گیا لیکن بدقسمتی سے، وہ ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں چل بسیں۔ پولیس نے ملوث ’ ملنگ‘ کو گرفتار کر کے اسکے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ لسہ بب ’ ملنگ ‘ انسان ہے جسے اپنے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔