جموں و کشمیر میں موسم خشک و گرم، 11 اور 12 مئی کو بارشوں کا امکان

Photo: Amaan Farooq

یو این آئی

سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں موسم خشک و گرم ہے اور موسم کی یہی صورت حال 10 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 10 مئی تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 11 مئی کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 12 مئی کو بھی موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں کئی مقامات پر ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 13 مئی کو بھی کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمے نے کسانوں کو اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں آپریشنز شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دریں اثنا وادی میں سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔