پی ڈی پی رکن نے 370منسوخی میں مدد کی سیاسی جماعتوں کا نشانہ بھاجپا کے بجائے این سی کیوں؟عمر

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے پیر کو کہا کہ بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کے لئے پی ڈی پی کے امیدوار نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے میں بی جے پی کی مدد کی۔ زچلدرا ہندواڑہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ پی ڈی پی امیدوار نے راجیہ سبھا میں دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف ووٹ نہیں دیا۔عمر عبداللہ نے کہا”پی ڈی پی لوگوں کے سامنے جوابدہ ہے کہ اس کے امیدوار نے جموں و کشمیر کی آواز کو کیوں نہیں اٹھایا ،جب آرٹیکل 370 کو منسوخ کیا جا رہا تھا، لوگوں کو قلم دوات والے امیدوار سے پوچھنا چاہیے جو آج میرے خلاف الیکشن لڑ رہا ہے جب آرٹیکل 370 کو راجیہ سبھا میں ووٹ دینے کے لیے لایا گیا تو وہ کہاں تھا؟ راجیہ سبھا میں بی جے پی کی اکثریت نہیں تھی، وہ غیر حاضر رہا۔ انہوں نے دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف ووٹ نہیں دیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی امیدوار کی عدم موجودگی نے نئی دہلی میں حکمرانی کو آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر کی حیثیت کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گھٹانے میں مدد کی۔سابق وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں شمالی کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرض کا احساس کریں اور تمام ہوش و حواس کے ساتھ جمہوری حق کا استعمال کریں تاکہ ایسے عناصر دوبارہ پارلیمنٹ تک نہ پہنچ سکیں۔انہو ں نے کہا کہ امن کے علمبردار اٹل بہاری واچپائی نے اپنے دور اقتدار میں کہا تھا کہ ہم دوست بدل سکتے ہیں، لیکن پڑوسی کو نہیں، پاکستان ہمارا پڑوسی تھا، ہے اور رہیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن چھینی، یہاں کا جھنڈا چھینا، ہماری ریاست کے دو ٹکڑے کردیئے ، مسلمانوں کیخلاف نہ صرف نفرت پھیلا رہے ہیں بلکہ یکساں سول کوڈ اور سی اے اے جیسے قوانین بناتی ہے لیکن پھر بھی کشمیر کی سیاسی جماعتوں کا نشانہ نیشنل کانفرنس ہے۔ یہ لوگ بھاجپا کیخلاف کچھ بولنے کی جرأت نہیں کررہے ہیں، آخر کیوں؟ کوئی ان سے پوچھے کہ آپ کس احسان کو چُکانے کیلئے بھاجپا کا ساتھ دے رہے ہیں؟عمر عبداللہ نے کہاکہ جو شخص مجھے پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتا ہے ، وہ کم از کم لوگوں کو اتنا بتادے کہ 2018میں کس خاطے میں بھاجپا کی حمایت لیکر وزیر اعلیٰ بننے کی کوشش کررہا تھا؟ اور آج کل وہ کس بنیاد پر بھاجپا کی مدد سے اپنے لئے حمایت حاصل کررہا ہے؟۔ کیا سجاد غنی لون نے الطاف بخاری کے گھر میں اس میٹنگ میں شرکت نہیں کی جسمیں بی جے پی کے ترن چگ تھے ۔