محبوبہ مفتی کے پونچھ دیگوارسے لے کر منڈی لورن تک روڈ شوز عوامی مسائل کے ازالے کیلئے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا: محبوبہ مفتی

حسین محتشم +عشرت حسین بٹ

پونچھ// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتے کو پونچھ ضلع کے دیگوار سے لیکر منڈی لورن تک شدید بارش میں روڈ شو کیے جس دوران انہوںنے عوام سے ملاقات کر کے اننت ناگ راجوری لو ک سبھا انتخابات میں ان کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرقے، مذہب یا علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنے مسائل کے ازالے کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھانا ہوگی ۔اُنہوں نے بارش کے باوجود پونچھ میں ایک روڈ شو سے خطاب کیا۔ ہفتہ کی صبح پونچھ کے سرحدی علاقہ دیگوار،چنڈک ،ساتھرہ،چکراڑا،منڈیاور لورن میں روڈ شوز سے موسلادھار بارش کے درمیان اپنے مختصر خطابات میں محبوبہ نے کہا”میں پہاڑیوں، گجروں، ہندووں اور مسلمانوں سمیت سماج کے تمام طبقات کی طرف سے گرمجوشی سے استقبال کے لیے شکر گزار ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میں لوگوں کو متحد کر رہی ہوں اور انہیں تقسیم نہیں کر رہی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنے مسائل کے ازالے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کوئی مسئلہ ہونے کی صورت میں ہر کوئی متاثر ہوتا ہے جبکہ آسانی کے وقت سب کو فائدہ ہوتا ہے۔محبوبہ نے دفعہ 370کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے کے مرکز کے اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا “یہ انتخاب سڑکوں اور بجلی کے لیے نہیں ہے، یہاں بے روزگاری جیسے مسائل ہیں جنہیں دیگر مسائل کے علاوہ اٹھانے کی ضرورت ہے، جس کا ہمیں 2019 کے بعد سامنا ہے‘‘۔ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ وہ پونچھ کے لوگوں کے مطالبات سے واقف ہیں جن میں ایک میڈیکل کالج، ریل لنک کی توسیع اور زیر تعمیر پرنائی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تکمیل شامل ہے ۔اُنہوں نے کہا ”میں وزیر اعلیٰ نہیں ہوں کہ آپ کا مطالبہ فوری طور پر مانوں لیکن میں کوئی جھوٹا وعدہ کرنے نہیں آئی ہوں، مجھے دوبارہ آپ کا سامنا کرنا پڑے گا اور اگر میں پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہو جاتی ہوں، تو میں آپ کے مسائل اٹھائوں گی اور آپ کے معمولی مسائل کو حل کرنے کے لیے ایم پی لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ کا استعمال کروں گی“۔ انہوں نے لورن ٹنگمرگ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے کہا کہ مرحوم مفتی سعید نے 2015میں جس خواب کو اس سڑک کی صورت میں دیکھا تھا وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ،بہت جلد اس سڑک کی تعمیر کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔

انتخابات موخر کر کے دھاندلی کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے:محبوبہ مفتی
عشرت حسین بٹ
منڈی//اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ سے پیپلز ڈیموکریٹک امیدوار اور پارٹی صدر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ پر انتخابات موخر کر کے دھاندلی کرنے کا منصوبہ بنایاجارہاہے ۔ان خیالات کا اظہار موصوفہ نے منڈی لورن میں پارٹی کی جانب سے منڈی لورن میں روڈ شو کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کو موخر کرنا الیکشن کو یکطرفہ بنانے اور دھاندلیاں کرنے کی بہت بڑی سازش کی جارہی ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ عوام کے بہت سارے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے گوجر ،پہاڑی، بکروال ہندو ،مسلم تمام ذاتوں کے لوگ ایک جیسے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ لوگوں نے پونچھ تا لورن ان کاوالہانہ استقبال کیا جس کے لیے وہ ان کی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ الکشن جیت جائیں گی وہ دوبارہ ان علاقوں میں آکر لوگوں کا شکریہ ادا کریں گے اور ان کے مسائل کا بہتر حل بھی کریں گی۔