تحصیل منڈی کے دلفریب مقامات انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل سنکھ ڈوڈہ،لورن، سلطان پتھری جیسے علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کی عوامی مانگ

 عشرت حسین بٹ

منڈی//جہاں پورے جموں و کشمیر میں بہت زیادہ خوبصورت اور دلفریب مقامات پائے جاتے ہیں وہیں ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کی ساوجیاں اور لورن میں کچھ ایسے علاقہ جات موجود ہیں جو قدرتی حسن سے مالا مال ہیں اور یہ علاقے خوبصورتی کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔اگر چہ گزشتہ برس پونچھ انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کی جانب سے تحصیل منڈی کے جبی طوتی علاقہ کو سیاحتی نقشے پر لانے کی کوشش کی گئی اور اس علاقے میں محکمہ کی جانب سے ہٹ وغیرہ تعمیر کیے گئے مگر تحصیل منڈی کے لورن ،سلطان پتھری ،سنکھ ڈوڈہ اور ساوجیاں سری منگیانہ علاقے اس قدر دلفریب ہیںکہ اگر ان علاقوں کو بھی سرکار کی جانب سے سیاحت کے نقشے پر لایا جائے تو یہ علاقہ جات بھی پڑھے لکھے مقامی نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں رہ رہے لوگوں کے لیے معاش کا بہت بڑا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ان علاقہ جات میں رہنے والے عوام نے سرکار اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ منڈی تحصیل کے ان خوبصورت علاقہ جات کا از خود دورہ کر کے ان علاقوں کا معائنہ کر یں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں گلمرگ، سونہ مرگ اور دوسرے سیاحتی مقامات کی طرح ضلع پونچھ میں بھی ایسے علاقے ہیں جنھیں ٹورازم میپ پر لانے کی ضرورت ہے۔ ان لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر پونچھ منڈی کے یہ خوبصورت علاقہ جات ٹورازم میپ پر ہوتے تو وادی کی طرح ملک اور بیرون ملک سے سیاح آ کر قدرت کے حسن سے لطف اندوز ہوتے اور ان علاقوں میں بھی تعمیرو ترقی کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے بے روزگار لوگ اپنا روزگار کماتے۔ ان علاقوں سے جڑے معززین نے سرکار سے اپیل کی کہ یہاں کے سیاحتی مقامات کی طرف بھی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ یہاں بھی ترقی ہو سکے۔