پونچھ حملہ: ملی ٹینٹ مخالف آپریشن چھٹے روز میں داخل

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

مینڈھر// بھارتی فضائیہ کے قافلے پر حملہ کرنے کے ذمہ دار ملی ٹینٹوں کا پتہ لگانے کے لیے کورڈن اینڈ سرچ آپریشن (CASO)جمعرات کو چھٹے دن میں داخل ہو گیا ہے۔
فوج، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سمیت سیکورٹی فورسز نے سرنکوٹ پٹی میں تقریباً 20 مربع کلومیٹر کے علاقے میں تلاشی مہم کو مزید تیز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ملی ٹینٹوں نے 4 مئی کو پونچھ ضلع کے شاہستار علاقے میں بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کے قافلے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک آئی اے ایف کارپورل ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا، “ڈرون اور کھوجی کتوں سمیت نگرانی کے آلات سے لیس، پونچھ ضلع میں سرنکوٹ بیلٹ اور ملحقہ علاقوں میں شاہستار، گرسائی، سنائی، لسانہ، اور شیندرا ٹاپ میں تلاشی مہم جاری ہے”۔
اُنہوں نے بتایا، “سیکورٹی فورسز ملی ٹینٹوں کی شناخت کی تلاش میں مصروف ہیں، جن کی تین سے چار تصویریں – جو شاید علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کی گئی ہیں – اب منظرعام پر ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ “20 لاکھ روپے کے نقد انعام کی پیشکش کرنے والے پوسٹر بھی سورنکوٹ میں لگائے گئے ہیں۔
افسران کے مطابق، 26 افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے اور حکام لیڈز کے لیے کچھ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی طرف سے منگل کو شروع کی گئی تلاشی مہم، راجوری ضلع کے ساڈا اور کنڈی علاقوں میں بھی جاری ہے۔