سی بی آئی کارروائی پٹواری اور چوکیدارگرفتار

 عظمیٰ نیوز سروس

سانبہ// مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے منگل کو سانبہ ضلع کے حلقہ نانگا پنچایت میں ایک پٹواری اور اس کے ساتھی چوکیدار کو رشوت طلب کرنے اور وصول کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت ورون چودھری، پٹواری اور دیال چند، چوکیدار کے طور پر ہوئی ہے۔ سی بی آئی ترجمان نے بتایا کہ یہ کاروائی ایک شکایت کی بنیاد پر کی گئی۔ تحریری شکایت میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے شکایت کنندہ سے اپنی ملکیتی اراضی کے گرداوری کے اجراء کیلئے 50,000 روپے رشوت طلب کی تھی۔ اُنہوں نے کہا، “شکایت ملنے پر ایک مقدمہ درج کیا گیا اور ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، سی بی آئی نے ایک کامیاب جال بچھایا اورکارروائی شروع کی، جس دوران ملزم نے شکایت کنندہ سے رشوت کی رقم اپنے ساتھی، ایک چوکیدار، حلقہ نانگا، ضلع سانبہ کے حوالے کرنے کو کہا۔ بعد ازاں دونوں ملزمان کو 9,000 روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا”۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان کے رہائشی مکانات کی تلاشی لی گئی۔ گرفتار ملزمان کو 27 مارچ 2024 کو سپیشل جج اینٹی کرپشن (سی بی آئی کیسز) جموں کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔