سرینگر حلقہ میں نامزدگیوں کا آخری دن آغا روح اللہ نے فارم بھرا،کل 39نامزدگیاں داخل

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//سرینگر پارلیمانی حلقہ سے لوک سبھا انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ پر، 22 (22) امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ نیشنل کانفرنس کے آغا سید روح اللہ نے جمعرات کو ریٹرننگ آفیسر سرینگر پارلیمانی حلقہ کے سامنے کاغذات نامزدگی داخل کیے، جب کہ سلمان ساگر انکے بطور کور نگ امیدوار ہیں۔اسی طرح نیشنل پینتھرس پارٹی بھیم کے حقیت سنگھ، جموں و کشمیر نیشنل یونائیٹڈ فرنٹ سے راکیش ہنڈو، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے عامر احمد بٹ اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے کورنگ امیدوار قیصر سلطان گنائی نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ راشٹریہ جن کرانتی پارٹی سے عاشق حسین، جن سرکھشا پارٹی سے محمد یوسف بٹ، نیشنل ریپبلک پارٹی آف انڈیا سے ثریا نثار اور نیشنل یوتھ پارٹی سے فاروق احمد بٹ نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی بھرنے والوں میں وحیدہ تبسم، ڈاکٹر قاضی اشرف، فدا حسین ڈار، عبدالحمید راتھر، ارون کمار رینہ، بنسی لال بٹ، ثاقب رحمان مخدومی، شادیب حنیف، جاوید احمد وانی، جہانگیر احمد شیخ، شبیر احمد ملک اور سجاد احمد ڈار شامل ہیں۔ جمعرات کو22کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے ساتھ ہی سرینگر پارلیمانی حلقہ میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تک فارم داخل کرنے والے امیدواروں کی کل تعداد39تک پہنچ گئی۔17 امیدوار پہلے ہی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر چکے ہیں۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 اپریل 2024 جمعہ کو ہوگی۔ 29 اپریل تک یا اپنی امیدواری واپس لی جاسکتی ہے۔