پونچھ میں 2ائرفورس گاڑیوں پر حملہ|| 1ہلاک،4زخمی فورسز کی مزید کمک طلب، وسیع علاقہ گھیرے میں

 جاوید اقبال

مینڈھر// مینڈھر پونچھ کے ڈنہ شاستر علاقے میں ملی ٹینٹوں نے ائر فورس کی 2گاڑیوں پر گھات لگا کرحملہ کردیا جس کے دوران 5اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔زخمی اہلکاروں میں ایک بعد میں دم توڑ بیٹھا۔حملے کے بعد فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے اضافی کمک طلب کر کے ایک وسیع جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا۔

حملہ کیسے ہوا؟
پولیس نے بتایا کہ ائر فورس کی چند گاڑیاںسرنکوٹ سے جڑاں والی گلی راستے سے ڈنہ شاستر ائر فورس کیمپ(راڈار) کی طرف سہ پہر5بجے جارہی تھیں، جس کے دوران ان پر راست میں موجود گھنے جنگلات اور ڈھلوان پہاڑیوں کی آڑ میں ملی ٹینٹوں نے گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔پولیس کے مطابق طرفین کے درمیان قریب 10منٹ تک گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس کے دوان ملی ٹینٹوں نے ائر فورسز کی 2گاڑیوں پر اپنا نشانہ رکھا تاہم ایک گاڑی پر زیادہ گولیاں چلائی گئیں جس سے اسے نقصان ہوا اور اس میں سوار ائر فورس کے کم سے کم 5اہلکار زخمی ہوئے جن میں ایک اہلکار بعد میں چل بسا۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں کمک بھیج دی گئی ہے اور انسداد دہشت گردی آپریشن جاری ہے۔ایر فورس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ہفتے کی سہ پہر پونچھ کے ڈنہ شاستر علاقے میں بھارتی فضائیہ کی گاڑیوں کے قافلے پر ملی ٹینٹوں نے پونچھ ضلع میں شاہستار کے قریب حملہ کیا۔ مقامی فوجی یونٹوں کی جانب سے علاقے میں اس وقت محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کو شاستر کے قریب جنرل ایریا میں ایئر بیس کے اندر محفوظ کر لیا گیا ہے۔ اس نے مزید کہا کہ5 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا سب سے بڑا نقصان آرمی ٹرک نے اٹھایا ۔ ملی ٹینٹ جو اے کے اسالٹ رائفلوں سے لیس تھے، وہ قریبی جنگلات میں فرار ہوگئے ہیں۔

ملی ٹینٹ گروپ
پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں کے اسی گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ ہے جس نے گزشتہ سال 21 دسمبر کو ملحقہ بفلیاز میں فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا، جس میں چار فوجی ہلاک اور تین دیگرزخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج اور پولیس کی کمک کو علاقے میں پہنچا دیا گیا ہے اور دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور انہیں بے اثر کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔پولیس نے نیم فوجی دستوں کی مدد سے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات کے بعد جمعہ سے پونچھ شہر میں تلاشی لی۔ تاہم حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔پیر پنجال کے علاقے میں تازہ ترین واقعہ 22 اپریل کو راجوری کے شاہدرہ علاقے کے گائوں کنڈا ٹاپ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ایک فوجی اہلکار کے بھائی، ایک سرکاری ملازم محمد رزاق اور ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں28 اپریل کو ایک گائوں کے دفاعی محافظ محمد شریف کے قتل کے بعد پیش آیا۔