لوک سبھا الیکشن 2024|| جموں نشست پر 71.91فیصد پولنگ ۔ 22امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ووٹنگ مشینوں میں محفوظ

 سب سے زیادہ شرح ماتا ویشنو دیوی میں79.43فیصد اور سب سے کم باہو میں 62.34فیصد ریکارڈ

جموں// لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میںجموں ریاسی پارلیمانی نشست پر متاثر کن 71.91پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کا جمعہ کو پولنگ کا اختتام ہوا جس میں مجموعی طور پر 71.91فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ووٹنگ کا عمل 2416 پولنگ اسٹیشنوں پر صبح 7 بجے شروع ہوا اور شام6بجے اختتام پذیر ہوا۔ پارلیمانی حلقہ کے مختلف اسمبلی حلقوں میں رائے دہندگان، خاص طور پر نوجوان اور پہلی بار رائے دہندگان کو پولنگ کے لیے مقررہ وقت سے بہت پہلے قطاروں میں کھڑے دیکھا گیا۔الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کر لیے تھے۔حتمی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اس حلقے میں مجموعی طور پر پولنگ کا تناسب 71.91 رہا۔اکھنور (ایس سی)میں 78.27فیصد، باہو میں 62.34 فیصد، بشناہ(ایس سی) میں76.54 فیصد، چھمب میں75.76فیصد، گلاب گڑھ (ایس ٹی) میں 71.47 فیصد، جموںمشرقی میں 66.11 فیصد، جموں شمالی میں 67.29 فیصد، جموں مغربی میں 62.82فیصد، کالاکوٹ سندر بنی میں 69.10فیصد، مڑھ(ایس سی) میں 79.31فیصد،نگروٹہ میں75.63فیصد،آر ایس پورہ میں68.11فیصد، رام گڑھ( ایس سی) میں75.27فیصد،ریاسی میں74.19فیصد،سانبہ میں69.23فیصد،ماتا ویشنو دیوی میں79.43،سچیت گڑھ میں75.94اور وجے پور میں75.67فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 26 اپریل کو ہوئی ووٹنگ سے قبل پولنگ سٹیشنوں کو سیکورٹی کے دائرے میں لایا گیا تھا۔جموں سیٹ کے تقریباً 1454 پولنگ سٹیشنوں میں لائیو ویب کاسٹنگ کے لیے ضلع اور سی ای او آفس میں قائم کنٹرول رومز کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے تھے۔ تقریبا 124 پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر کی نگرانی کے لیے دو کیمرے لگے تھے۔ پولنگ پارٹیوں اور سیکٹر افسران کی تقریباً 2000 گاڑیاں جی پی ایس سسٹم سے لیس رہیں۔جموں ریاسی سیٹ پر کل 22 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ 2416 پولنگ اسٹیشن بشمول 158 بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ اس حلقے میں 17.81 لاکھ اہل رائے دہندگان کے لیے قائم کیے گئے ۔ اعداد و شمار کے مطابق جموں میں 17,80,835 رجسٹرڈ ووٹر ہیں جن میں 9,21,095 مرد، 8,59,712 خواتین اور 28 خواجہ سرا ہیں۔ ان میں 37,822 ، جن میں37,025 مرد اور 797 خواتین ہیں،سروس ووٹرز ہیں۔الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں 2416 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں جن میں 18 گرین پولنگ اسٹیشن، 46 گلابی پولنگ اسٹیشن اور 18 پی ڈبلیو ڈی مینڈ پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔