۔22امیدواروں کا فیصلہ آج پولنگ سے قبل جموں میں سیکورٹی ہائی الرٹ پر

۔  1454پولنگ سٹیشنوں میں 158 بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے نزدیک

جموں// لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران جموں میں ووٹنگ سے پہلے، سیکورٹی اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں اور حساس علاقوں میں گشت کر رہے ہیں۔جموں و کشمیر پولیس کا اسپیشل آپریشن گروپ دشمنوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے حساس علاقوں میں گشت کر رہا ہے۔ پولیس علاقے کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کر رہی ہے اور ووٹنگ سے قبل کسی بھی قسم کے خطرات کو دور کرنے کے لیے خصوصی کتوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔اگرچہ اس حلقے میں تمام پرامن اسمبلی حلقے ہیں، لیکن پھر بھی انتخابی حکام اور انتظامیہ نے کوئی رسک نہیں لیا اور تمام حساس علاقوں میں سنٹرل آرمڈ پولیس فورس اور جموں و کشمیر پولیس کی مناسب تعداد کو تعینات کیا گیاہے۔ 26 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ سے قبل پولنگ سٹیشنوں کو سیکورٹی کے دائرے میں لایا گیا ہے۔

 

جموں سیٹ کے تقریباً 1454 پولنگ سٹیشنوں میں لائیو ویب کاسٹنگ کے لیے ضلع اور سی ای او آفس میں قائم کنٹرول رومز کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے ہوں گے۔ کیمروں کو اس طرح لگایا جائے گا کہ وہ ووٹ کی رازداری کی خلاف ورزی نہ کریں۔”تقریبا 124 پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر کی نگرانی کے لیے دو کیمرے ہوں گے۔ پولنگ پارٹیوں اور سیکٹر افسران کی تقریباً 2000 گاڑیاں جی پی ایس سسٹم سے لیس ہوں گی تاکہ گاڑی کا پتہ لگایا جا سکے اور اوور سپیڈنگ سمیت نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔تقریبا ً13 پولنگ سٹیشنز کمیونیکیشن شیڈو ایریاز میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی سائے والے علاقوں میں سیٹلائٹ فون، وائرلیس سیٹ اور خصوصی رنر وغیرہ فراہم کرکے مناسب متبادل انتظامات کیے گئے ہیں۔انتخابات سے متعلق مختلف سرگرمیوں کی نگرانی کرنے اور ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی تعمیل کو جانچنے کے لیے، سی ای او آفس، جموں میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور ہر ڈی ای او آفس میں اسی طرح کے چھوٹے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، جو24×7کام کر رہے ہیں۔ یہاں تمام الیکٹرانک میڈیا چینلز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کی جاتی ہے۔ حکام نے کہا کہ کنٹرول روم کے پاس 55 فیصد سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں اور پول پارٹیوں کی نقل و حرکت کے لیے استعمال ہونے والی تمام گاڑیوںکی لائیو فیڈ بھی ہے۔سی ای او پی کے پولے پولنگ کے تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جموں ریاسی سیٹ پر کل 22 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ 2416 پولنگ اسٹیشن بشمول 158 بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ اس حلقے میں 17.81 لاکھ اہل رائے دہندگان کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔”آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی اور دیگر متعلقہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ میں کسی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے ایک ہنگامی منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ریٹرننگ آفیسر جموں پارلیمانی حلقہ کے دفتر کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق جموں میں 17,80,835 رجسٹرڈ ووٹر ہیں جن میں 9,21,095 مرد، 8,59,712 خواتین اور 28 خواجہ سرا ہیں۔ ان میں 37,822 ، جن میں37,025 مرد اور 797 خواتین ہیں،سروس ووٹرز ہیں۔الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں 2416 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں جن میں 18 گرین پولنگ اسٹیشن، 46 گلابی پولنگ اسٹیشن اور 18 پی ڈبلیو ڈی مینڈ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔