شوپیاں میں دو ملی ٹینٹ معاون گرفتار: پولیس

مشتاق الاسلام

پلوامہ// جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے امام صاحب شوپیان علاقے میں دو ملی ٹینٹ معاونین کو اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس، سی آر پی ایف 178بٹالین اور 34 آر آر کی مشترکہ ٹیم نے محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران دو سخت گیر اوور گراؤنڈ ورکروں کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بشمول 1 پستول کے ساتھ 1 میگزین، 8 رائونڈز،2 چینی دستی بم اور دیگر اشتعال انگیز مواد برآمد ہوا ۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت ظفر آزاد گنائی ولد محمد آزاد گنائی اور امیر احمد ولد ظہور احمد میر کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں مندوجین شوپیان کے رہنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت امام صاحب پولیس سٹیشن میںکیس زیرنمبر 23/2024 درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔