ہ8روز بعد لداخ شاہراہ بحال | 10روز بعدسنتھن روڑ قابل آمد رفت بن گیا

غلام نبی رینہ +عاصف بٹ

کنگن+کشتواڑ//8 روز تک مسلسل بند رہنے کے بعد سرینگر لداخ شاہراہ کو یکطرفہ مسافر گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا ۔ گذشتہ ہفتے ہوئی بارشوں اور برفباری کے بعد ٹریفک حکام نے عارضی طور پر سرینگر لداخ شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا تھا جس کے بعد سونمرگ اور وسن کے مقامات پر سینکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں درماندہ ہوئیں۔ بدھ کو موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی دراس سے پروجیکٹ وجیک اور سونمرگ سے باڈر روڈ آرگنائزیشن نے ہنگامی بنیادوں پر شیطانی نالہ اور زوجیلا پر برفانی تودے اور پسیاں ہٹانے کا کام شروع کیا جس کے لئے مشینری اور مزدوروں کو کام پر لگادیا گیا تاکہ شاہراہ کو جلد آمدورفت کے قابل بنایا جاسکے۔ بیکن حکام نے بتایا کہ زوجیلا کے کئی مقامات پر بھاری برکم برفانی تودے اور پسیاں گرآئی تھیں جن کو ہٹانے میں دشواریاں پیش آئیں۔ ایس ایس پی ٹریفک رورل کشمیر آر پی سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کے روز 6 بجے بیکن کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد سونمرگ میں 8 روز سے درماندہ مسافر گاڑیوں کو کرگل کی طرف روانہ کیا گیا۔ادھرضلع کشتواڑ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ پر قریب 10 روز تک دوبارہ بند رہنے کے بعد آمدرفت کیلئے بحال کردیاگیا ۔ ایس ڈی ایم چھاترو کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق کشتواڑ سے اننت ناگ جانے والی گاڑیوں کو پیر،بدھ، جمعہ اور اتوار کو چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ اننت ناگ سے کشتواڑ جانے والی گاڑیوں کو منگل، جمعرات ا ور سنیچر کو صبح ساڑھے نو سے دوپہر تین بجے تک چلنے کی اجازت دی جائے گی۔مرگن سڑک ہنوز آمدرفت کیلے بند پڑی ہوئی ہے ۔حکام نے بتایا کہ برف ہٹانے کا عمل جاری ہے اور متعدد مقامات پر برفانی تودے و درخت گرآئے ہیں جسکے سبب تاخیز ہورہی ہے۔ گزشتہ ہفتے سنتھن ٹاپ پر قریب 3 فٹ تازہ برفباری درج کی گئی تھی جسکے سبب آمدرفت کو عارضی طور معطل کردیا گیا ۔ وہی مرگن سڑک ہنوز آمدرفت کیلئے بند پڑی ہے۔