سالانہ امرناتھ یاترا شروع| پہلا قافلہ وادی پہنچ گیا لیفٹیننٹ گورنر نے جموں سے روانہ کیا،موبائل ایپ ’’ یاترا22‘ کا آغاز

عارف بلوچ+ غلام نبی رینہ

اننت ناگ +سونہ مرگ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھ کو یاتریوں کے پہلے قافلے کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جب وہ جموں بیس کیمپ سے اَمرناتھ گپھا کے لئے روانہ ہوئے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کی خاطر اَمن ، خوشحالی اور محفوظ پوتر سفر کے لئے دعا کی۔سالانہ یاترا کے آغاز کے موقعہ پر 4,890 یاتریوں کے پہلے قافلے کو صبح تقریباً 4بجے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادیٔ کشمیر کیلئے 176 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں روانہ کیا گیا۔

 

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سالانہ اَمرناتھ یاترا کووِڈ ۔19وَبائی اَمراض کی وجہ سے دو برس کے وقفے کے بعد منعقد کی جارہی ہے اور اِس کے اَحسن اِنعقاد کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی طرف سے وسیع اِنتظامات کئے گئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کے پہلے قافلے کو روانہ کرنے کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’یاتریوں کے پہلے قافلے کو روانہ کیا اور وہ جموں بیس کیمپ سے گھپا کی طرف روانہ ہوگئے‘۔ان کا مزید کہنا تھا: ’میں نے امن و ترقی اور یاتریوں کے محفوظ روحانی سفر کے لئے دعا کی‘۔اس دوران یہاں یاتریوں میں زبردست خوشی اور جوش و جذبہ دیکھا گیا جس دوران وہ گاڑیوں میں بم بم بولے کے نعرے لگا رہے تھے ۔یاترا کے پیش نظر جموں وکشمیر میں سیکورٹی مزید چوکس کر دی گئی ہے اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

 

مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر یاترا کے دوران 350 پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں تعینات رہیں گی۔قاضی گنڈ میں یاتریوں کا عام لوگوں، ضلعی انتظامیہ اورپولیس افسران نے استقبال کیا۔سہ پہر قریب ساڑھے 5بجے یاتریوں کا قافلہ بالتل سونہ مرگ پہنچ گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی نے انکا استقبال کیا۔اسی وقت پہلگام کے نون ون کیمپ میں بھی پہلا جتھا پہنچ گیا ۔ادھر پرنسپل سیکریٹری صحت و طبی تعلیم نے موبائل ایپ ’’ یاترا22‘‘ کا آغاز کیا۔پرنسپل سیکریٹری منوج کمار دِویدی نے یاتریوں کی خاطر ہیلتھ کیئر سہولیات سے باخبر رہنے اور ایمرجنسی حالات کے دوران صحت سہولیات کی شناخت اور ٹریکنگ کی سہولیت کے لئے موبائل ایپلی کیشن ’’یاترا 22‘‘ اور ویب پیج www.yatra22.com کا آغاز کیا۔ایپ گوگل پلے سٹور اور آئی او ایس پلیٹ فارم پر دستیاب ہے اور ویب برائوزر سے بھی اِس تک رَسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔