جنگلی سبزیوں میں نمایاںاضافہ | بارہمولہ میں خواتین کے روزگار کا کامیاب ذریعہ

فیاض بخاری

بارہمولہ// وادی کشمیر میں جنگلی سبزیوں میں کافی حد تک اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کی وجہ سے دیہی علاقوں خاصکر جنگلوں کے نزدیک رہنے والے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ضلع کے کنڈی ، نارواو ،اوڑی، رفیع آباد ،پٹن اورٹنگمرگ کے علاوہ کئی علاقوں کے رہنے والے لوگوںکا کہنا ہے کہ اگر چہ اس مرتبہ موسم سرما میں کوئی خاص برفباری نہیں ہوئی ا ور نہ ہی بارشیں ہوئی تاہم جنگلوں میں پیدا ہونے والی قدرتی سبزیوں میں پھر بھی اضافہ ہوا ہے جس سے نہ صرف یہ لوگ اپنے لئے سبزیاں جمع کررہے ہیں بلکہ کئی علاقوں میں لوگ اسے بازاروں میں لاکر فروخت بھی کرتے ہیں ۔مین چوک بارہمولہ میں رفیع آباد سے آنے والی درجنوں خواتین ایک خاص قسم کی جنگلی سبزی ٹوکریوں میںرکھ کر فروخت کررہی ہیں اور اس سے اُنہیں کافی منافع بھی ہو رہا ہے ۔ سارہ بیگم نامی ایک خاتون نے بتایا کہ یہ جنگلی سبزی مشروم ( کن پوپر) تقریباً دو سالوں کے بعد پھر سے نظر آرہی ہے اور وہ دیگر خواتین کے ساتھ اس سے جنگلوں سے جمع کرکے اب بازاروں میں بیچ رہی ہیں۔مذکورہ خاتون کا کہنا ہے’’ ہمیں خوشی ہے کہ اس سال اس سبزی میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے‘‘ ۔انہوں نے بتایا کہ ان قدرتی سبزیوںسے خاصکر جنگلوں کے نزدیک رہنے والے لوگوں کوکافی حد تک فائدہ پہنچا ہے اور نہ صرف مقامی سطح پر سبزیاں خریدنے کا سلسلہ کم ہوگیا ہے بلکہ اب وہ فروخت کرکے روزگار بھی حاصل کرتے ہیں۔