جامع زرعی ترقیاتی پروگرام پولی گرین ہاؤسز کاشتکاروں کی زندگی بدل رہے ہیں:ڈائریکٹر

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے بانڈی پورہ ضلع کا وسیع دورہ کیا۔ انہوں نے ڈانگر پورہ، ونگی پورہ، مارکنڈل،سمبل اور ضلع کے دیگر علاقوں میں ایچ اے ڈی پی کے تحت قائم ہائی ٹیک پولی گرین ہاؤسز، بور ویلز اور دیگر کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ان علاقوں میں زرعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع کے مختلف علاقوں سے فائدہ اٹھانے والے کسانوں اور زرعی کاشتکاروں سے بات چیت کی۔کسانوں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ ایچ اے ڈی پی کے تحت قائم ہائی ٹیک، کم لاگت والے پولی گرین ہاؤسز کشمیر ڈویژن میں سبزیوں کے کاشتکاروں کی زندگیوں کو بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کاشتکار برادری کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے محکموں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور کسانوں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور ان منصوبوں سے استفادہ کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ HADP کے تحت پروجیکٹوں کے حوالے سے کشمیر ڈویژن کی کسان برادری میں زیادہ سے زیادہ بیداری کو یقینی بنائیں۔