جامع زرعی ترقیاتی پروگرام مشن ڈائریکٹر نے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// مشن ڈائریکٹرجامع زرعی ترقیاتی پروگرام (HADP) یشا مدگل نے منگل کو ضلع سرینگر کے ملورہ ،قمرواری، سبزی منڈی، لال منڈی میںہائی ٹیک پولی گرین ہاؤسز کا دورہ کیا اور علاقے میں زرعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع کے مختلف علاقوں کی سبزیوں کے کاشتکاروں سے بات چیت کی۔ کسانوں سے بات کرتے ہوئے مشن ڈائریکٹر نے جموں و کشمیرکی کسان برادری کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے محکموں کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کسانوں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور ایچ اے ڈی پی کے تحت مختلف منصوبوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایچ اے ڈی پی کے تحت پروجیکٹوں کے بارے میں کسان برادری میں زیادہ سے زیادہ بیداری کو یقینی بنائیں۔قبل ازیں مشن ڈائریکٹر نے لال منڈی میں سبزی منڈی کا دورہ کیا اور وہاں سبزیوں کے سٹالز اور کمیونٹی سیڈ بینک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ترقی پسند کسانوں سے بھی بات چیت کی۔ مشن ڈائریکٹر نے پی جی ایس اِنڈیا آرگنِک سرٹیفکیشن پر ایک کتاب کا بھی اجرا کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال، محکمہ کے تمام جوائنٹ ڈائریکٹر، سیکٹرل افسران، چیف ایگریکلچر افسر سرینگر اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔