اندرونی علاقوں میں عسکری کارروائیوں کے بعد حد متارکہ پر چوکسی تلاشیاں تیز، ایجنسیوں نے دراندازی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا

سمت بھارگو

راجوری//راجوری ضلع کے اندرونی علاقوں میں عسکریت پسندی کی سرگرمیوں میں اضافے کے دوران مختلف علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کے پیش نظر سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ فوج نے لائن آف کنٹرول پر چوکسی اور نگرانی بڑھا دی ہے۔تمام ضروری حفاظتی اقدامات جیسے ایریا ڈومینیشن پیٹرولز (ADPs)، حفاظتی ایجنسیوں کے ساتھ احتیاطی طور پر تلاشی مہم بھی چلائی جارہی ہے جبکہ اس دوران سیکورٹی ایجنسیوں نے آنے والے دنوں میں دراندازی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ بارڈر ایکشن ٹیموں کی کارروائیوں میں اضافے کا انتباہ بھی دیا ہے۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ درہال کے پرگل علاقہ میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائی کے ساتھ ساتھ ضلع کے کچھ دیگر علاقوں میں عسکریت پسندوں کی مشتبہ موجودگی کو ذہن میں رکھتے ہوئے مشتبہ نقل و حرکت کا پتہ لگانے کے لئے اندرونی علاقوں میں سیکورٹی کا ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر فوج تعینات ہے۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں کہ پوری لائن آف کنٹرول پر سکورٹی کے فول پروف انتظامات ہوں اور تمام اہم مقامات جیسے بدنام زمانہ دراندازی کے راستے، تنگ جگہوں پر کڑی نگرانی کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے مقام پر افرادی قوت کیساتھ ساتھ تکنیکی طورپر بھی نگرانی کے جدید عمل کو متحرک کیا گیا ہے تاہم دراندزی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی گشت اور تلاشی کارروائیوں کے ذریعے علاقے کی صفائی اور کلیئرنس کو ویلج ڈیفنس کمیٹیوں (VDCs) کا تعاون بھی حاصل ہو گا ۔دوسری طرف سرکاری ذرائع نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے دراندازی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) کی کوششوں میں اضافے کے خدشے بھی ظاہرہ کیا ہوا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’کچھ انٹیلی جنس سیٹ اپ کی طرف سے ایک انتباہی پیغام ہے کہ عسکریت پسند تنظیمیں زیادہ سے زیادہ تعداد میں عسکریت پسندوں کو ایل او سی سے دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ ایل او سی پر بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) کے حملوں کی کوشش کی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں پہلے ہی ان عسکریت پسندوںکی موجودگی کی تحقیقات کررہی ہیں جنہوں نے درہال کے پرگل علاقہ میں فوجی کیمپ پر حملہ کیاتھا ۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے پونچھ بریگیڈ کے ایک سینئر افسر نے ایک سرکاری بیان میں کہا تھا کہ فوج چوکس ہے اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔شمالی فوج کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے بھی دو دن قبل راجوری میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سیکورٹی کے منظر نامے کا جائزہ لیا اور فوجیوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔