لورن تانترے گام کی عوام ایک ہفتہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم

عشرت حسین بٹ

منڈی//تحصیل منڈی کے لورن تانترے گام کی عوام گزشتہ ایک ہفتے سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ مکینوں کے مطابق لورن پنچایت تانترے گام گیارہ وارڈوں پر مشتمل ہے اور وہاں کے لوگوں کو گزشتہ ایک ہفتہ سے خراب اور زنگ آلودہ پائپ لائن کی وجہ سے پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے ۔مکینوں کے مطابق محکمہ جل شکتی کی جانب سے جہاں ہر گھر جل اور نل پہنچانے کے کام کیے جا رہے ہیں مگر متعلقہ پنچایت میں محکمہ کی جانب سے محض ایک لائن مین ایک جگہ پائپ لائن ٹھیک کرتا ہے تو دوسری طرف خستہ پائپ لاین ٹوٹ جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے گھروں تک پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو پانی حاصل کرنے کے لیے دور قدرتی چشموں پر جانا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا متعلقہ پنچایت کی وارڈ پانچ احمد نگر میں تیس برس قبل جو پائپ لائن بچھائی گئی تھی وہ بالکل خستہ ہو گئی ہے جس کے حوالے سے کافی بار محکمہ جل شکتی کے افسران کو بھی بتایا گیا مگر آج تک اس پائپ لائن کو تبدیل نہیں کیا گیا ۔عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین کو اس حوالے سے ہدایات جاری کریں کہ وہ اس علاقہ میں مشن جل جیون کے تحت نئی پائپ لائن لگایں تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر بہت جلد اس علاقہ کی اس دیرینہ مانگ کو جلد پورا کریں گے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔