موبائل فون میں وی پی این کا استعمال | مینڈھر اور راجوری میں 2کیخلاف کیس درج

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر میں جموں و کشمیر پولیس نے اپنے ذاتی موبائل فون میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکنگ ایپ کا استعمال کرکےڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم کی خلاف ورزی کے لئے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ایک عہدیدارنے بتایا کہ ملزم کی شناخت محمد نسیم ولد عبدالمجید عمر 40 سال ساکن گاؤں اڑی، تحصیل مینڈھر اور ضلع پونچھ کے طور پر کی گئی ہے جس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 64/24 زیردفعہ 188آئی پی سی پولیس تھانہ مینڈھر میں درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او مینڈھر کی نگرانی میں ایک ناکا پارٹی نے ملزم کو پکڑا۔ چیکنگ پر اس کے ذاتی موبائل فون میں X-VPN ایپلی کیشن کے ساتھ انسٹال پایا گیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع مجسٹریٹ پونچھ نے24اپریل 2024کو ایک حکم نامہ کے ذریعہ پورے ضلع میں لوک سبھا انتخابات کے اختتام تک تمام قسم کے VPNs کے استعمال کو معطل کر دیا ہے ۔ادھرراجوری پولیس نے موبائل فون میں ممنوعہ وی پی این استعمال کرنے پر ایک اور شخص کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سٹیشن ہاؤس آفیسر دھرمسال، وکاس کمار کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم معمول کی گشت پر تھی جب انہوں نے کچھ لوگوں کو معمول کی تلاشی کے لیے روکا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ مقامی شخص محمد دیشان ولد محمد ایوب ساکن بریہوی کالاکوٹ نے اپنے فون میں تین وی پی این سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کیے ہیں اوراس طرح ڈی ایم کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ متعلقہ شخص کے خلاف راجوری کے دھرمسال پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی راجوری امرت پال سنگھ نے بتایا کہ پولیس کی کارروائی کا یہ تیسرا واقعہ ہے کیونکہ راجوری ضلع میں گزشتہ دو دنوں کے دوران اس طرح کے دو کیس پہلے ہی درج کیے جاچکے ہیں۔