جموں و کشمیر میں 30 اپریل تک ناموافق موسم جاری رہنے کا امکان

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، جموں و کشمیر کشمیر میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ماہ رواں کے اختتام تک موسم نا موافق رہنے کا ہی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 10.2 ملی میٹر، کپوارہ میں 15.1 ملی میٹر اور کوکرناگ میں میں 9.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 8.6 ملی میٹر اور 20.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 27 سے 29 اپریل تک میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ڑالہ باری اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 29 سے 30 اپریل تک بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں یکم مئی سے 5 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 26 اپریل سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز کو معطل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 اپریل کو پہاڑی علاقوں میں زمینی ٹریفک عارضی طور پر متاثر ہوسکتا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس دوران دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے اور کہیں کہیں مٹی کے تودے یا چٹانیں بھی کھسک سکتی ہیں۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں گراوٹ تو کہیں اضافہ درج ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔