کشمیر میں فرقہ پرستوں کے آلہ کالہ بے نقاب بھاجپا کیساتھ ہاتھ ملا نے والوں سے عوام واقف:عمر

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن میںعوام کو پتہ چل گیا ہے کہ یہاں کون سے لوگ فرقہ پرستوں کی مدد کیلئے سیاسی میدان میںہیں، عوام کو یہ بھی معلوم ہو گیا ہے کہ بی جے پی کیساتھ ہاتھ ملا کراور اُن کی مدد سے الیکشن لڑنے والے کون ہیں۔ کپوارہ میں کلاروس کے مقام پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہ ’’ عوام اس بات سے اچھی طرح باخبر ہوگئے ہیں کہ کشمیر میں پچھلے دروازے سے کنول کا پھول کِھلانے کی کوششیں کون لوگ کررہے ہیں، کیا ہم بھول جائیں کہ کس طرح سے مسلمانوں کو زیر عتاب رکھا گیاہے، کیا ہم بھول جائیں کہ کس طرح سے ہمارے ایک بچی کو کرناٹک میں بھاجپا حکومت کے تلے سکول میں حجاب پہننے پر بھوال مچایا گیا، کیا ہم بھول جائیں کہ کس طرح سے رمضان میں مسلمان نمازی کو کس طرح سے لاتیں ماری گئیں، کیا ہم بھول جائیں کہ کس طرح سے گجرات میں اُن مسلمانوں بچوں کو لہولہان کیا گیا جو سکول گرائونڈ میں تراویح ادا کررہے تھے‘‘؟۔عمر عبداللہ نے کہا ’’کیا اے، بی، سی اور ڈی ٹیمیں جموںوکشمیر میں بھی ایسا ہی نظام چاہتے ہیں، کیا اسی مقصد کی خاطر یہ لوگ بھاجپاکو کشمیر کے اندر لانے کی کوشش کررہے ہیں؟‘‘۔انہوں نے کہا کہ جو زمینیں شیخ محمد عبداللہ نے یہاں کے لوگوں کو بیک جنبش قلم بلا معاوضہ فراہم کرکے اقتصادی غلامی کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کردیا آج اُنہی زمینوں کو خطرہ لاحق ہوگیاہے۔ جس جمہوریت کے قیام کیلئے شیخ محمد عبداللہ نے بیش بہا قربانیاں پیش کیں آج اُس جمہوریت کو پارہ پارہ کیا جارہاہے۔ آج یہاں ایسا نظام مسلط کیا گیا ہے جس میں عوام کی کہیں شنوائی نہیں، بس شاہی فرمان جاری ہوتے ہیں اور ان پر من و عن عمل کیا جارہاہے، پھر وہ صریحاً عوام مخالف ہی کیوں نہ ہو۔