سنگلدان رام بن میں سڑک حادثہ، ایک بھائی لقمہ اجل، 2 زخمی

زاہد بشیر

گول// ضلع رام بن کے سنگلدان، گول علاقے میں جمعرات کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے جبکہ اُس کے دو سگے بھائی زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی صبح گول کے سنگلدان علاقہ میں اس وقت دلدوز حادثہ پیش آیا جب تین بھائی نیا الیکٹریک آٹو لے کر گھر کی طرف آ رہے تھے کہ سنگلدان بازار کے نزدیک آٹو قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جا گرا ۔
اُنہوں نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں تنویر احمد،طاہر احمد اور ساہل احمد پسران عبد الطیف ساکنہ گول سلبلہ موئلہ شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سنگلدان ہسپتال لے جایاگیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ تنویر احمد نے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا۔ پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ادھر، یہ خبر پھیلتے ہی گول میں صفِ ماتم بچھ گئی۔

Click here to follow Kashmir Uzma on WhatsApp