کرناہ کپواڑہ سڑک 6روز بعد بحال،سینکڑوں گاڑیاں کرناہ سے کپوارہ پہنچی

File Photo

اشفاق سعید

کرناہ//کرناہ کپواڑہ شاہراہ کو ٹریفک آمد ورفت کےلئے 6روز بعد بحال کر دیا گیا ہے۔ یہ سڑک بھاری برف باری کے نتیجے میں بند ہو گئی تھی ۔سڑک پر پانچ فٹ برف جمع ہے ۔
سڑک کی بحالی کے بعد آج سینکڑوں مسافر اور مریض کپوارہ پہنچے ہیں ۔
یاد رہے کہ حکام نے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جاری کی تھی، تاہم اس خطرے کے باوجود بیکن نے 53کلو میٹر سڑک کی بحالی کا کام انجام دیا ۔
جمعہ کی شام ہی اگرچہ محکمہ بیکن نے اس سڑک کو بحال کر دیا تھا تاہم خونی نالہ کے مقام پر دوبارہ چار کلو میٹر کے دائرے میں متعدد برفانی تودے گر آئے جس کی وجہ سے ایک بار پھر اس شاہراہ کو بند کرنا پڑا ،تاہم بیکن اتھارٹی کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں آج صبح شاہراہ کی بحالی کےلئے آپریشن شروع کیا گیا جو کامیاب ہوا اور صبح کے وقت سینکڑوں گاڑیاں جن میں مسافر، مریض اور طلبا شامل تھے، کرناہ سے کپوارہ پہنچے ۔
انتظامیہ نے آج کرناہ سے کپوارہ کی طرف یکطرفہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی تھی ۔
بیکن کے مطابق، خراب موسمی صورتحال کے درمیان سڑک کی بحالی میں کئی رکاوٹیں پیش آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن میں شاہرہ کو بحال کر دیا جاتا ہے البتہ بھاری برف جمع ہونے کے چلتے یہاں برفانی تودوں کے گرنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔
اس دوران انتظامیہ نے شاہراہ پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ بغیر چین اور دیگر خفاظتی انتظامات کے بغیر سڑک پر گاڑیاں نہ چلائیں۔