ووٹنگ کے ذریعے نئی دہلی کو جواب دیں محبوبہ مفتی کی وادی کے لوگوں سے اپیل

 سید اعجاز

ترال//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو لوگوں پر زور دیا کہ وہ اگست 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں اس کے اقدامات کے لیے ووٹنگ کے ذریعے نئی دہلی کو جواب دیں۔محبوبہ نے اونتی پورہ سے ترال تک ایک روڑ شو کیا اور کہا کہ لوگوں کو پی ڈی پی کیساتھ ناراضگی ہے، لیکن اسی جماعت نے لوگوں کو سیکورٹی فورسز کی بلا جواز کارروائیوں سے نجات دلائی۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سرینگر پارلیمانی حلقہ کے لیے پی ڈی پی امیدوار کی حمایت کریں اور کہا کہ ان کی آواز پارلیمنٹ میں سنی جائے گی۔محبوبہ نے کہا”یہ الیکشن بجلی یا ایم ایل اے بننے کی دوڑ کا نہیں ہے، بلکہ یہ نئی دہلی کو ووٹنگ کے ذریعے جواب دینے کا موقع ہے کہ اس نے 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں کیا کیا تھا، ہمیں انہیں بتانا ہے کہ 5 اگست 2019 اور اس کے بعد کئے گئے فیصلے جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ناقابل قبول ہیں، 2019 کے بعد ہمارا علاقہ جیل میں تبدیل ہو چکا ہے، نوجوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور انہیں باہر کی جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔کشمیری نوجوانوں کو درپیش چیلنجوں کی علامت قرار دیتے ہوئے، محبوبہ مفتی نے کہا کہ سرینگر پارلیمانی حلقہ کیلئے پارٹی کا امیدوار نئی دہلی کے ظلم و ستم کی واضح مثال ہے۔ اس نے حراست، دبائو کے ہتھکنڈے اور سب کچھ برداشت کیا ، وہی آپ کی پریشانی کو محسوس کرسکتا ہے۔ محبوبہ مفتی نے بتایا ہم نے ایک ساتھ انتخابات لڑنا چاہا لیکن نیشنل کانفرنس نے بتایا کہ پی ڈی پی کا کوئی وجود نہیں ہے ۔انہوں نے کہا میںمیری پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی گئی اور40افراد کو پارٹی سے نکالا گیا ۔