لوک سبھا اِنتخابات۔2024ء انتخابی ضابطہ اخلاق کی سختی سے پاسداری کی جائے

 چیف الیکٹورل آفیسرکا پلوامہ کا دورہ

پلوامہ// چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر پانڈورانگ کے پولے نے منگل کو پلوامہ کے اَپنے دورے کے دوران لوک سبھا اِنتخابات 2024 ء کے لئے ضلع کی تیاریوں کی نگرانی کی خاطر کئی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔اُنہوںنے انتخابات کی تیاریوں اور عام اِنتخابات کے لئے کئے جانے والے سیکورٹی اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے نوڈل افسروں سے مقررہ اِنتخابی پروٹوکول پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اِنتخابی منصوبوں کی باریک بینی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے اِی وی ایم کے کام اور نامزد عملے کی تربیت کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اِنتخابی عملے کو اِی وِی ایم کے آپریشن اور مینٹیننس سے واقف کرنے کے مقصد سے جامع تربیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اے آر اوز سے یہ بھی کہا کہ وہ اِی ایم ایس پر ڈیٹا کی مناسب اَپ لوڈنگ کو یقینی بنائیں۔چیف الیکٹورل آفیسرنے ہدایت دی کہ ضلع میں عوام کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے اور سب سے زیادہ رائے دہندگان کے اِندراج کے لئے سویپ( ایس وِی اِی اِی پی) بیداری سرگرمیوں سمیت الیکشن سے متعلق سرگرمیوں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔اُنہوں نے جمہوریت کو مضبوط بنانے میں رائے دہندگان کی شرکت کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے قریبی پولنگ سٹیشنوں سمجھداری سے ووٹ ڈالیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس دورے کو ووٹر بیداری اور مشغولیت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے والے اَقدامات سے تقویت ملی۔ اُنہوں نے پلوامہ کے گورنمنٹ وومن ڈگری کالج میں منعقدہ سسٹیمٹک ووٹرز ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹیسی پیشن (ایس وِی اِی اِی پی) پروگرام میںبڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔چیف الیکٹورل آفیسر نے اِس پروگرام کے علاوہ بیڈمنٹن، کیرم، ٹگ آف وار، کھو کھو، شطرنج اور دستخطی مہم سمیت مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا بھی افتتاح کیا۔اِس موقعہ پرسامعین کو نکڑ ناٹک، لڈی شاہ اور سویپ(سی وِی اِی اِی پی) سانگ سمیت ثقافتی پرفارمنس سے محظوظ و مسحور کیا گیا جس کا مقصد ووٹ کی قدر کو اُجاگر کرنا اور شہریوں میں ذمہ داری کو فروغ دینا تھا۔ چیف الیکٹورل آفیسر پانڈورانگ کے پولے نے ضلع بھر میں ڈسپیچ کم رسیپٹ سینٹر کے اِنتظامات کا جائزہ لیا تاکہ اِنتخابی عمل کے دوران بغیر کسی رُکاوٹ لاجسٹکس کو یقینی بنایا جاسکے۔ ایسے افراد کے لئے ووٹنگ کو آسان بنانے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے جو چلنے پھرنے کے چیلنجوں یا روایتی پولنگ سٹیشن کی حاضری میں دیگر رُکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔سی اِی او گھریلو ووٹنگ کے اختیارات کے حوالے سے وسیع پیمانے پر تشہیر کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے جمہوری حق سے محروم نہ رہے۔اُنہوں نے پنگلینا، کاکا پورہ اورپانپور میں نامزد پولنگ سٹیشنوں میں اِنتظامات کا جائزہ لیا جس میں نوجوانوں، خواتین اور معذور افراد (پی ڈبلیو ڈی) کے لئے رسائی اور شمولیت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔اِس سے قبل ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈاکٹر بشارت قیوم نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے ضلعی پروفائل اور مجموعی انتظامات پیش کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں الیکشن کمیشن کی تمام رہنما خطوط پر عمل درآمد کیا جارہا ہے اور جمہوریت میں رائے دہندگان کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اُنہوںنے ضلع میں ایم سی ایم سی کے کام کاج ، ایس ایس ٹی ، ایف ایس ٹی ، وی وی ٹی اور ٹیموں کی تعیناتی ، بزرگ شہریوں اور معذور(پی ڈبلیو ڈی) ووٹروں کے لئے اِنتظامات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔پلوامہ اور اونتی پورہ کے ایس ایس پیز نے ضلع میں اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے کئے گئے مجموعی حفاظتی اِنتظامات کے بارے میںبتایا۔