فیفا عالمی کپ کاپہلا کوارٹر فائنل آج ٹائٹل کی جنگ 32 سے 8 ٹیموں تک سمٹ آئی

دوحہ//: ورلڈ کپ ٹائٹل کی جنگ 32 سے 8 ٹیموں تک سمٹ آئی جب کہ جمعے سے کوارٹر فائنلز میں مزید 4 ٹیموں کو ناک آؤٹ کرنے کیلیے گھمسان کا رن پڑے گا۔ قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا لاسٹ 16 مرحلہ بھی ختم ہوگیا، اس کے ساتھ ہی ایونٹ میں بڑے خواب آنکھوں میں سجائے شریک ہونے والی 32 ٹیموں میں سے صرف 8 باقی رہ گئی ہیں۔ابتدائی راؤنڈ سے ہی جرمنی، بیلجیئم، یوروگوئے اور ڈنمارک جیسی بڑی ٹیموں کا بوریا بستر گول ہوگیا تھا، جس کے بعد لاسٹ 16 میں سے امریکا، آسٹریلیا، پولینڈ، سینیگال، جاپان، جنوبی کوریا اور اسپین جیسی ٹیمیں بھی باہر ہوگئیں۔پہلا کوارٹر فائنل جمعے کو کروشیا اور برازیل کے درمیان کھیلا جائے گا،رات کو نیدرلینڈز اور ارجنٹائن مدمقابل آئیں گے ،ہفتے کو پہلا میچ مراکش اور پرتگال میں ہوگا، چوتھا کوارٹر فائنل اسی شب انگلینڈ اور فرانس کے درمیان شیڈول ہے۔ فائنل 8 میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں برازیل نے سب سے زیادہ 5 ٹائٹلز جیتے ہیں، ارجنٹائن اور فرانس نے 2، 2 مرتبہ چمچماتی سنہری ٹرافی کو ہاتھوں میں تھاما، انگلینڈ نے واحد ٹائٹل 1966 میں جیتا تھا، نیدرلینڈز،کروشیا، مراکش اور پرتگال نے ابھی تک ایک بھی ٹرافی نہیں جیتی۔ادھرفیفا ورلڈ کپ کے منتظمین کی رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کے پہلے دو ہفتوں کے دوران صرف 765,000 سیاحوں نے قطر کا رخ کیا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے فیفا ورلڈ کپ کے منتظمین کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے دوران آنے والے غیرملکیوں کی یہ تعداد ملک کی توقعات سے کم ہے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ اس ایونٹ کے لیے دنیا بھر سے 12 لاکھ سیاح قطر کا رخ کریں گے۔ 20 نومبرکو شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں سیاحوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کا امکان نہیں ہے۔ منتظمین نے اس سے قبل بتایا تھا کہ 24 سے 28 نومبر تک گروپ مرحلے کے دوران بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے جب 32 ٹیمیں روزانہ چار میچ کھیل رہی تھیں۔سات دسمبر کی رپورٹ سپریم کمیٹی فار ڈیلیوری اینڈ لیگیسی نے تیار کی تھی جو ٹورنامنٹ کا اہتمام کرتی ہے، اور کہا ہے کہ ’ورلڈ کپ کے پہلے 17 دنوں میں 765,859 بین الاقوامی مہمان آئے جن میں سے نصف سے زیادہ اب روانہ ہو چکے ہیں۔‘ رپورٹ میں 18 دسمبر کو ختم ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے 13 لاکھ 30 ہزارمیچ ٹکٹ ہولڈرز اور قطر کے آٹھ سٹیڈیمز میں 30 لاکھ نوے ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے۔