گاندربل میں انٹر سکول زونل سطح کی سائیکل ریس

راجا ارشاد احمد

گاندربل//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر گاندربل اور نوڈل آفیسر ایس وی ای ای پی کے تعاون سے 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لئے سائیکل دوڑ کا انعقاد کیا ۔سسٹمیٹک ووٹرز ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹیسیپیشن (SVEEP) پروگرام کے تحت منعقد ہونے والی اس ریس کا مقصد نوجوانوں میں جمہوریت میں حصہ لینے کے لئے ووٹ کی اہمیت کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا تھا۔دوڑ کا آغاز باروسہ کراسنگ سے ہوتے ہوئے تولہ مولہ کیمپس سنٹرل یونیورسٹی سے ہوتے ہوئے پرائمری ہیلتھ سینٹر تولہ مولہ میں اختتام پذیر ہوا۔سائیکل دوڑ کے علاوہ زون ہاری گنہ ونہ نے لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے انٹر اسکول شطرنج اور یوگا مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس سے طلبہ میں اسٹریٹجک سوچ اور کھیل کود کو پروان چڑھایا جائے۔ادھر زون کنگن نے کھیلوں کے ذریعے صنفی مساوات کو بااختیار بنانے کے لیے خصوصی طور پر لڑکیوں کے لیے ایک دلکش انٹر اسکول شطرنج مقابلے کی میزبانی کی۔ان مقابلوں کے فاتحین کو ان کی مثالی کارکردگی اور اپنے متعلقہ کھیلوں کے لیے لگن کا اعتراف کرتے ہوئے میڈلز، ٹرافیاں اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔