ہائی کورٹ نے جے ای جل شکتی اور پولیس سب انسپکٹر امتحانات منسوخ کردیئے ایس ایس بی کے طرز عمل کی تحقیقات کا حکم، ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیٹی سے معاملات کی جانچ کرنیکی ہدایت

نیوز ڈیسک

جموں// جموں کشمیر ہائی کورٹ نے جمعرات کو سروس سلیکشن بورڈ کی طرف سے جونیئر انجینئر (سول) محکمہ جل شکتی اور جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹر کے عہدوں کے لیے منعقد ہونے والے امتحان کو منسوخ کر دیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج ہی پولیس سب انسپکٹروں کا کمپیوٹر ٹیسٹ ہونے والا تھا،جسے عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ملتوی کردیا گیا۔

 

ایک حکم نامہ کے مطابق، ہائی کورٹ نے حکومت کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ SSRBکے طرز عمل کی انکوائری کرنے کے لیے ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے۔عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ ایس ایس آر بی کی جانب سے کی گئی بے ضابطگیوں کی انکوائری کرے اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف مناسب کارروائی شروع کی جائے۔عدالت عالیہ نے اپنے46صفحات کے فیصلے میں کہا”حکومت کو ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جاتی ہے جس کی سربراہی کم از کم ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کریں جو جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے طرز عمل کی انکوائری کرے تاکہ امتحانی عمل کے دوران شرائط و ضوابط کو تبدیل کرنے اور بے قاعدگیوں و غیر قانونی کاموں کی تحقیقات کی جا سکے۔ ، یہ بھی کہا گیا کہ ایک ایسی کمپنی کے ذریعہ امتحان کروانے کا معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر پہلے ہی امتحانات میں بدعنوانی کی سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے اور اس کے مطابق قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف مناسب کارروائی شروع کی جائے، “۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کا کام امتحانات کے انعقاد میں اعتماد پیدا نہیں کررہاہے۔اس نے مشاہدہ کیا کہ “یہ تمام اسٹیک ہولڈرز پر بورڈ کے کام کاج کا جائزہ لینا فرض بن گیا ہے۔