گرن پنچایت میں 1ماہ سے پانی کی سپلائی بند علاقہ کے 300سے زائد کنبے متاثر ،محکمہ خاموش تماشائی

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف دیہات میں رواں دنوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں کنبوں کے متاثر ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔بلاک لمبیڑی کے گرن گائوں میں گزشتہ 1ماہ سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لگ بھگ 300کنبے متاثر ہیں جبکہ انہوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بند پڑی ہوئی سپلائی کو بحال کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کی بجلی سپلائی کیلئے نصب مشینری چوری ہونے کے بعد سکیم ہی ٹھپ پڑ ی ہوئی ہے ۔

 

انہوں نے بتایا کہ پاپی نالہ واٹر سپلائی سکیم کی مشینری چوری ہوئی ہے تاہم ان کو کونڈا جاگیر واٹر سپلائی سکیم کا پانی مذکورہ گائوں تک پہنچایا جاسکتا ہے لیکن متعلقہ حکام بالخصوص محکمہ کے ملازمین اور فیلڈ آفیسران کی جانب سے کوئی قدم ہی نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ واٹر سپلائی سکیم بند ہونے کی وجہ سے علاقہ کے لوگ بالخصوص خواتین کئی کلو میٹر ی پیدل مسافت طے کر کے پینے اور استعمال کرنے کیلئے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی تک دوسری منسلک واٹر سپلائی سکیم سے لوگوں کو پانی سپلائی کیا جائے تاکہ لوگوں کو پانی کی قلت کے مسئلہ سے نجات مل سکے ۔