راجوری، پونچھ میں موسلادھار بارشوں و برف باری سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ندی نالوں میں طغیانی ،کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان ،بیسیوں سڑک رابطہ متاثر،لوگ مشکلات سے دوچار

راجوری و پونچھ میں نقصانات کی اطلاعات

سمت بھارگو

راجوری// جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ کے علاقوں میں دو گھنٹے تک موسلادھار بارش اور برف باری نے پیر کو معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا اور سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں میں سطحی رابطہ متاثر ہوا۔فیلڈ رپورٹس کے مطابق علاقے میں گزشتہ تین دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن اتوار اور پیر کی درمیانی رات میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوا اور پیر کی سہ پہر تین گھنٹے سے زیادہ تک موسلادھار سے بہت زیادہ بارش ہوئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارش کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی جس سے مرئیت کم ہوئی اور لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے پر مجبور ہونا پڑا۔موسلا دھار بارش کے ساتھ آندھی نے لوگوں کو درپیش مشکلات کو مزید بڑھا دیا اور آندھی کے باعث بجلی کی ترسیل کے نظام میں بھی خرابی پیدا ہو گئی جس سے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی۔اس کے علاوہ کچھ علاقوں میں سڑکوں کے بند ہونے کی وجہ سے سطحی رابطہ بھی متاثر ہوتا ہے۔بیدر منڈی میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے منڈی سوجیان روڈ بند ہو گیا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت گھنٹوں تک متاثر رہی اسی طرح کوٹرنکا سب ڈویژن ہیڈکوارٹر سے خواس تک سڑک بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو راجوری، جہانگیر خان نے کہا کہ تمام فیلڈ عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے لوگوں سے رابطے میں رہیں اور حالات خراب ہونے کی وجہ سے کسی بھی قسم کے املاک اور جانی نقصان کی اطلاع دیں۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر راجوری ضلع کے کسی بھی علاقے سے جان و مال کے کسی بڑے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا’’ہم کل دوپہر تک معمولی نقصانات کی تفصیلات جمع کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔‘‘ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو پونچھ عبدالقادر قاضی نے بتایا کہ ضلع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ متعدد ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے جس کی رپورٹس فیلڈ عملہ جمع کر رہی ہے اور نقصانات کی صحیح تفصیلات منگل کی دوپہر تک واضح ہو جائیں گی۔

سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بارش کی قہر سامانیاں
پہاڑوں پر تازہ برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// منگل اور پیر کے درمیانی شب اور پیر کے روز سب ڈویژن تھنہ منڈی میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پہاڑوں پر تازہ برف باری بھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پورے علاقے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ژالہ باری، تیز بارشوں اور سرد ہواوں کے باعث موسم میں سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث نواحی و بالائی علاقوں کے ندی نالوں میں پانی بھر گیا ہے جبکہ سارا دن سڑکیں زیر آب رہیں۔ لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ متعدد جگہوں پر زمینیں پھسل گئی ہیں اور پسیاں گر آئی ہیں جس سے کسانوں کا بہت نقصان ہوا۔ شدید بارش کے باعث مختلف مقامات پر بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کے ملازمین بجلی کی ترسیلی لائنیں درست کر کے سپلائی بحال کرنے میں مصروف نظر آئے تاکہ عام لوگوں کو راحت پہنچائی جا سکے۔ دوسری جانب اس پورے علاقے میں لگاتار ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور لوگ گرم ملبوسات زیب تن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پہاڑی علاقوں میں بسنے والے متعدد کسان بے موسمی بارشوں سے سخت پریشان ہیں اور پورے علاقے میں خوراک کی پیداوار میں کمی کے خوف سے ہراساں ہیں ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں میں وقفے وقفے سے ہلکے سے درمیانہ درجے کی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بارشوں کے دوران درختوں کے گرنے کا خطرہ
شہریوں کا انتظامیہ سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ شہر خاص میں اکثر بارشوں اور تند ہواؤں کے چلنے کے دوران پرانے اور بوسیدہ درخت گرنے کی وجہ سے سڑک میں آمد رفت میں خلل پڑتا ہے اور اس کی وجہ سے لوگوں کو خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔محلہ پولیس لائن کے لوگوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک بہت بڑا درخت بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے دوران ٹوٹ گیا تھا جو منڈی پونچھ شاہراہ پر گرنے کی وجہ سے کئی گھنٹے تک سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا خدا کا شکر ہے کہ اس دوران کسی جانی اور مالی نقصان کا لوگوں کو سامنا نہیں کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ شہر میں ابھی بھی سڑک کے کناروں پر بڑے بڑے درخت موجود ہیں جن کے ٹوٹنے کا ہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اس سلسلہ میں کڑے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں درختوں کے گرنے کے بارے میں بار بار ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ کے پاس درخواستیں اور شکایات درج کرائی ہیں لیکن اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل بارشوں کے اور تیز ہواؤں کے باعث درختوں کے گرنے کا خطرہ ہے جس سے مسافروں اور اسکول جانے والے بچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے ذمہ دار محکمہ میونسپل کونسل پونچھ کے افسر اور عملہ ہوں گے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمدچوہدری سے اس سلسلہ میں مداخلت کر کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرانے کی اپیل کی ہے۔

مینڈھر میں بارشوں سے عام زندگی مفلوج
کئی کچی سڑکیں بند،زمین کھسکنے سے ٹریفک آمدورفت متاثر
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر میں گذشتہ دو دنوں سے لگا تار طوفانی ہواؤں اُور بارشوں سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ بنیادی سہولیات سے دور ہوگئے ہیں۔ طوفانی بارش کے باعث گائوں کی کئی کچی سڑکیں بند ہو گئی ہیںااور عام لوگوں کے علاوہ سکولی بچوں کو کئی کلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کئی علاقوں میں لوگوں کی زمینیں کھسکنے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بھی بند ہو گئی ہے۔ بالاکوٹ اور اس کے گردو نواح میں وقفہ وقفہ سے تیز بارش اورژالہ باری کی وجہ سے دن کے وقت اندھیرا چھا گیاجس سے لوگ کے دلوں میں ڈر اور خوف پیدا ہو گیا ۔اِس دوران لوگوں نے انتظامیہ سے ایپل کی کہ موسم صاف ہونے کے فوراً بعد سڑکوں سے پسیاں ہٹائی جائیں تاکہ لوگوں کی پریشانی ختم ہو جائیں اور لوگوں کا بنیادی سہولیات مل سکے ۔

جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ نکہ منجیاڑی میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے ایک کچا مکان گر گیا البتہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔تفصیلات کے مطابق محمد مشتاق خان کا کچا مکان طوفانی بارش کے بیچ گر گیا۔ لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ شک کی بنا پر سامان مکان سے نکال دیا گیا تھا ۔جس کی وجہ سے جانی نقصان بچ گیا البتہ مکان بوری طرح تبا و برباد ہو گیا ۔

مغل روڈ مسلسل بند ،تازہ برف لگاتار جاری
صفائی کی کوششیں بھی ناکام ،مشینری بھی غیر فعال
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// گزشتہ روز سے لگاتار نچلے علاقوں میں بارش جاری ہےجبکہ مغل شاہراہِ کے پیر گلی و گرد نواح کے علاقوں میں برف باری بھی لگاتار جاری ہے۔ مغل شاہراہ پر پوشانہ تک برف گری ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے شاہراہ کو صاف کرنے کوشیش بھی غیر فعال ہیں۔ پیر پنجال کے بالائی علاقوں میں برف چار فٹ کے قریب گری ہے اور مذکورہ علاقہ برف کی سفید چادر میں ایک بار پھر لپٹ گیا ہے جبکہ ٹریفک آمدورفت کے لیے شاہراہ کا ابھی تک کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ مکینکل کی جانب سے مشینری کو متحرک رکھا گیا ہے‌،ساتھ ساتھ میں صفائی کا کام بھی جاری ہے لیکن کام میں تاحیر ہو رہی ہےکیونکہ برف کی وجہ سے کام میں بھی دشواری آ رہی ہے۔رابطہ کرنے ایکسین مغل روڈ نے بتایا کہ مغل شاہراہ پر چھتہ پانی سے لیکر چار فٹ کے قریب تازہ برف گری ہے جس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ مغل شاہراہ تقریباً ایک ہفتے تک آمدورفت کے لیے بند رہ سکتی ہے تاہم موسم صاف ہونے کی صورت میں ٹریفک آمدورفت بحال ہو سکتی ہے۔

بڈھال سڑک پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے کوٹرنکہ خواص سڑک بند
تازہ بارشوں کے نتیجے میں سینکڑوں مسافر و مال بردار گاڑیاں درماندہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ// مسلسل دو روز بھاری بارش کی وجہ سے کوٹرنکہ خواص سڑک پر پسیاں آنے کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زائد آبادی پرمشتمل یہ علاقہ سڑک سے کٹا ہوا ہے اور عوام کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سینکڑوں لوگوں کا آنا جانا کوٹرنکہ ہیڈکوٹرپر ہوتا ہے اور وہ مشکلات سے دوچار ہیں۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوے محکمہ تعمیرات عامہ کے ساتھ مشینری کو بھی متحرک کیا جائے کیونکہ سڑک کے متعدد مقامات پر سلائیڈینگ آنے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

سب ضلع سرنکوٹ میں بارش سے نظام زندگی مفلوج
تراپڑاں والی قسی کے پانی میں اضافہ سے ٹریفک جام
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ میں لگاتار بارشوں سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ سب ضلع سرنکوٹ کے تمام ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے جبکہ کئی علاقاجات میں بجلی کی عدم دستیابی ہے۔ پسیاں اور زمین کھسکنے کا اندیشہ ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف وحراس کا ماحول بنا ہؤا ہے۔ کئی لوگوں نے بتایا کہ بارش نہیں بلکہ قدرت کا قہر ہے اور نہ جانے کس طرح ناخوشگوار واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کئی علاقوںمیں معمولی پسیاںگری ہیں۔ وہیں سرنکوٹ کے ہاڑی محلہ میں تراپڑاں والی قسی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے پانی میں اچانک اضافہ ہو گیا جس کی وجہ سے کافی دیر تک جام لگ گیا اور لوگوں کو عبور کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ۔سنئی گاوں کی پنچایت مڈل سنئی میں قسی کے پانی میں اضافہ ہونے کی وجہ سے پایپ لاین متاثر ہو گئی جس سے مکینوںکو گزشتہ ایک روز سے پانی کی سپلائی متاثر ہےاور مکین بارش کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

منڈی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ،سردی میں شدت
عشرت حسین بٹ
منڈی//پیر کو بعد دوپہر تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جس کی وجہ سے سردی میں کافی شدت آئی۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں لورن، ساوجیاں ،بٹل کوٹ ،گگڑیاں میدان میں جہاں گزشتہ تین دن سے شدید بارش ہو رہی تھی وہیں پیر کو بعد دوپہر ان علاقوں میں دو سے چار انچ کے قریب برف باری ریکارڈ کی گئی۔ برف باری کی وجہ سےدرجہ حرارت میں بھی گراوٹ آئی جس کی وجہ سے سردی میں بھی شدید اضافہ ہوا ۔برف باری اور بارش کے باعث جہاں عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو گئی وہیں لوگوں نے پھر سے گرم ملبوسات اور کانگڑی کا سہارا لیا۔ لورن اور ساوجیاں سے متعدد لوگوں نے بتایا کہ پیر کو بعد دوپہر ان کے علاقوں میں برف باری شروع ہوئی ۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ اپریل کے آخر میں دہائیوں بعد برف باری دیکھنے کو مل رہی ہے جو کہ قدرت کا کرشمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برف باری وجہ ایک مرتبہ پھر سے سردی لوٹ آئی اور انہوںنے گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ کانگڑی کا بھی استعمال کیا۔

بارش کی قہر سامانیاں
منڈی تحصیل میں 5رہائشی مکان تباہ،فصلوں کو بھی شدید نقصان
عشرت حسین بٹ
منڈی//شدید بارش کے کارن پیر کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں پانچ رہائشی مکانات تباہ ہو گئے جبکہ اس دوران کسانوں کی فصلوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ بیداد،چکھڑی بن اور اعظم آباد علاقوں میں پانچ رہائشی مکانات کو پسیوں کی زد میں آ کر نقصان پہنچا اور یہ رہائشی مکانات رہائش کے قابل نہیں رہے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق بیدار کے مرگی علاقہ میں محمد افضل نامی شخص کے رہائشی مکان پر پیر کی الصبح بھاری پسی گر آئی جس کے باعث اس کا رہائشی مکان پوری طرح ختم ہو گیا۔ اگر چہ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ رہائشی مکان میں رکھا ہوا سارا سامان تباہ ہو گیا۔ اس حوالے سے بیدار کے سابقہ سرپنچ عبدل الاحد تانترے نے بتایا کہ مذکورہ شخص کے رہائشی مکان کے پیچھے سے حال ہی میں انتظامیہ کی جانب سے ایک سڑک نکالی گئی جو کہ اپر مرگی کی طرف جا رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچی سڑک ہونے کی وجہ سے پوری کی پوری سڑک پسی میں تبدیل ہو گئی جس کی وجہ سے مذکورہ شخص کا رہائشی مکان تباہ ہو گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے اس سڑک پر کسی بھی طرح کی بریسٹ وال تعمیر نہیں کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک تعمیر کرتے وقت مکان مالک اور علاقہ کے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی تھی کہ اس جگہ بریسٹ وال دیا جائے تاکہ محمد افضل اور اس کے ساتھ رہ رہے دوسرے لوگوں کے مکانات محفوظ رہ سکیں مگر انتظامیہ کی طرف سے ایسا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے آج یہ نقصان ہوا ۔ منڈی کے بیدار علاقہ میں ہی محمد شریف نامی شخص کا رہائشی مکان بھی شدید بارش کے کارن زمین بوس ہو چکا ہے وہیں تحصیل کے عظم آباد علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد شریف ولد عزیز دین کا مکان بھی بھاری پسی گرنے کی وجہ سے زد میں آیا جو اب رہائش کے قابل نہیں رہا ۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل منڈی کے بلاک لورن کے تحت پڑنے والے علاقہ چکھڑی بن میں بھی تیں رہائشی مکانات کو شدید بارش کے باعث جزوی نقصان ہوا ہے جو اب رہائشی کے قابل نہیں ہیں۔ان تمام لوگوں نے انتظامیہ سے گزارش کی کہ ان تمام علاقوں کا دورہ کیا جائے اور بارش سے ہوئے رہائشی مکانات کا جائزہ لے کر ان لوگوں کو رہنے کے لیے ٹینٹ دیے جائیں اور تمام لوگوں کی فوری امداد بھی کی جائے تاکہ وہ اپنے رہائشی مکانات تعمیر کر سکیں ۔

بارشوں سے پسیاں اور بھاری ملبہ گرآیا
منڈی کی متعدد سڑکیں بند،عام لوگوں کی زندگی مفلوج
عشرت حسین بٹ
منڈی//مسلسل اور شدید بارش کی وجہ سے تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں میں پسیاں اور بھاری ملبہ گر آیا جس کی وجہ سے تحصیل کے متعدد رہائشی مکانات کو جزوی طور نقصان پہنچا جبکہ اس دوران ضلع کے متعدد اندورنی علاقوں میں سڑکیں بھی پسیاں اور ملبہ گرنے کی وجہ سے ٹریفک آمدو رفت کیلئے بند کر دی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق پورے جموں و کشمیر کی طرح ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں گزشتہ تین روز سے شدیدبارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے تحصیل کے مختلف علاقوں کو جانے والی سڑکوں پر بھاری پسیاں اورملبہ گر آیا جس کے باعث ان سڑکوں کو گھنٹوں تک ٹریفک آمد رفت کے لیے بند رہنا پڑا ۔بتا دیں کہ منڈی تحصیل کے بیدار علاقے میں منڈی ساوجیاں سڑک پر ایک بھاری پسی گر آ ئی جس کی وجہ سے منڈی ساوجیاں سڑک تین گھنٹے تک بند رہی۔ بعد ازاں انتظامیہ کی جانب سے جے سی بی میشن کے زریعہ سڑک سے پسی ہٹائی گیی اور تین گھنٹے بعد سڑک کو ٹریفک آمد ورفت کے لیے کھول دیا گیا۔ دریں اثنا لورن بٹل کوٹ سڑک پر کھڑپا کے علاقے میں پسی گر آ ئی جس کے باعث سڑک کو ٹریفک آمد ورفت کے لیے بند رہنا پڑا۔ ایس ایچ او لورن نے بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے لورن بٹل کوٹ سڑک پر بھاری پسی گر آئی جس کی وجہ سےسڑک پر ٹریفک آمدو رفت کو مسدود رکھنا پڑا ۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں جے سی بی مشین کے ذریعہ سڑک سے ملبہ ہٹایا گیا اور سڑک کو ٹریفک آمدو رفت کے قابل بنایا گیا ۔

منڈی اور بفلیاز تعلیمی زونوں میں سکول بند رہے
عشرت حسین بٹ
پونچھ// پیر کو حکام نے نامساعد موسمی صورت حال اور شدید بارش کی وجہ سے ضلع پونچھ کے بفلیاز اور منڈی تعلیمی زونوں کے تحت پڑنے والے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو بند رکھا تاکہ شدید بارش کی وجہ سے پیدا شدہ صورت حال سے طلبا و طالبات کی جان کی حفاظت ہو سکے۔ چیف ایجوکیشن افسر پونچھ بشمبر داس جانب سے پیر کو ضلع پونچھ کے منڈی اور بفلیاز تعلیمی زونوں کے تحت پڑنے والے تعلیمی اداروں کو شدید بارش اور ابتر موسمی صورت حال کے پیش نظر بند رکھنے کے احکامات صادر کیے تھے ۔