کشتواڑ کے بالائی علاقوںعام زندگی مفلوج

عاصف بٹ
کشتواڑ// محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقہ جات میںبرفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد اگرچہ سنیچر کی بعد دوپہرموسم میں بہتری آئی تاہم شام ہوتے ہی دوبارہ بارش شروع ہوئی جو دیرگئے تک جاری تھی جسکے سبب ضلع بھرمیں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بالائی علاقہ جات میں کئی انچ تازہ برفباری ہوئی ہے۔بالائی علاقہ جات واڑون، مڑواہ ، کیشوان ،پاڈر، آلوفارم ،سنتھن و مرگن سے ملی تفصیلات کے مطابق علاقہ میں کئی انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اوپری علاقوں میں اس سے بھی زیادہ برف مارچ کے مہینے میں درج کی گئی ہے جس سے ان علاقہ جات کی عوام گھروں کے اندر ہی محصور ہوکررہ گئی ہے۔ دچھن سے ملی تفصیلات کے مطابق علاقہ کے بالائی مقامات پر ایک انچ برف درج کی گئی ہے۔موسلادھار بارشوں کے سبب دچھن کشتواڑ سڑک پر پسیاں گرآنے کے سبب آمدرفت کیلئے بند ہوگئی ہے۔ چھاترو کے اوپری علاقہ جات چنگام ، ڈانگر نالہ میں بھی تازہ برف درج کی گئی ہے ۔ضلع کے دیگر علاقہ جات کیشوان ، سروڑ ، بونجواہ ،پلماڑ میں بھی بارشیں ہوئیں جس سے ان علاقہ جات کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ مرگن و سنتھن ٹاپ پر تین فٹ کے قریب تازہ برف جمع ہوئی ہے جسکے سبب علاقہ جات میں سڑک کو بحال کرنے کیلئے لگی مشینری کو عارضی طور روک دیاگیاہے۔ بارشوں و برفباری کے سبب لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے اور دوبارہ سے گرم ملبوسات پہننے شروع کردئے ہیں۔